گزشتہ چار سال کے دوران سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری اورموثر حکمت عملی

کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے

بدھ 19 جولائی 2017 13:35

گزشتہ چار سال کے دوران سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری اورموثر حکمت عملی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2017ء) پاکستان میں گزشتہ چار سالوں کے دوران سکیورٹی کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہونے اورموثر حکمت عملی و منصوبہ بندی کی بدولت کھیلوں کے فروغ میں بہت مدد ملی، کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوئے اور قومی کھلاڑیوںنے کئی عالمی اعزازات حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا‘جبکہ کرکٹ سکوائش ٹینس ‘ والی بال ‘ فٹ بال ‘ ریسلنگ سمیت متعدد کھیلوں کی میزبانی کرکے قابل فخر فتوحات حاصل کیں‘دستیاب معلومات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں گزشتہ ماہ ہونے والی آئی سی سی چیمپئن ٹرافی میں بھارت کو عبرتناک شکست دیکر اورپہلی مرتبہ آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان پہلی مرتبہ 22اگست 2016ء کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون کی پوزیشن پر آیا ‘زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے 2015ء میں پاکستان کے کامیاب دورے سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں کھیلوں کے لئے سکیورٹی کی صورتحال اور ماحول سازگار ہے اسی طرح رواں سال پاکستان میں پی ایس ایل کے فائنل کا بھی کامیابی سے انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر کے کئی نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی‘ پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے بحال ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں قابل فخر فتوحات بھی حاصل کیں‘ کرکٹ کے علاوہ ملک میں دیگر سپورٹس کے مقابلے بھی بحال ہوئے ‘پاکستان میں 9 سال بعد پی ایس اے سکوائش کے مقابلوں کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا اور 12 سال بعد ڈیوس کپ ٹائی کا انعقاد بھی ہوا‘ 2017ء پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ساز گار رہا اوراس دوران کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں نے یہاں کا رخ کیا اور پاکستان میں کامیاب مقابلوں کے انعقاد کے بعد انہوں نے پاکستان کو کھیلوں کے لئے محفوظ ملک قرار دیا۔

(جاری ہے)

عالمی بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پاکستان کو آئندہ سال کے شروع میں ورلڈ ایک روزہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کی میزبانی دی ہے اسی طرح رواں سال کے آخر میں پہلی مرتبہ سائوتھ ایشیئن سائیکلنگ چیمپئن شپ بھی پاکستان میں کھیلی جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ ماضی میں پاکستان میں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں دشواری کا سامنا تھا اور غیر ملکی کھلاڑی یہاں کھیلنے پر تیار نہ تھے تاہم گزشتہ چار سالوں کے دوران ملک میں مجموعی طور پر بہتر سکیورٹی صورتحال کی بناء پر کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بھی پاکستان کا رخ کرنا شروع کردیا۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم نے 19مئی سے 31 مئی 2015ء تک پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹی۔ 20 میچوں کی سیریز کھیلی‘ جس میں پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-0 اور ٹی 20 سیریز 2-0سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی مینجمنٹ کی کوششوں کی وجہ سے پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا انعقاد سال 2016ء میں کیا گیا‘ جس کے کامیاب انعقاد کے بعد رواں سال 2017ء میں دوسرے پی ایس ایل مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی ‘ پی ایس ایل میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان بھر سے نوجوانون کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔

پی ایس ایل میں نامور کھلاڑی بھی سامنے آئے جنہوں نے آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا‘ پی سی بی نے پی ایس ایل کا انعقاد کرکے ملک بھر سے نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لئے موقع فراہم کیا گیا ہے پی ایس ایل سے فخر زمان‘شاداب خان ‘ عماد وسیم ‘حسن علی سمیت دیگر نامور کھلاڑیوں نے آئی سی سی چیمپئن ٹرافی میں اہم کردار اداکیا اور مستقبل میں ان سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔

رواں سال5 مارچ 2017ء کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کئی غیر ملکی نامور کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔اسی طرح آئی سی سی چیمپئن ٹرافی جو گزشتہ ماہ لندن میں کھیلی گئی پاکستان نے ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون کی پوزیشن پر آیا اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے تیز ترین سنچری بھی بنائی۔

پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی بحال ہوئے جن میں ٹینس ‘ سکوائش‘ والی بال ‘ریسلنگ ‘ فٹ بال اور دیگر مقابلے شامل ہیں۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان کے مطابق گزشتہ چار سالوں میں ملک میں سیکورٹی کی بہتر صورتحال کے باعث 9سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی سکوائش کے مقابلے بحال ہوئے اور تین سال تک اس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ‘ گزشتہ ہفتے کے دوران عالمی کھلاڑیوں نے پاکستان کے ساتھ سکوائش سیریز بھی کھیلی اور تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لئے ساز گار ملک ہے اور ہم آئندہ بھی یہاں پر کھیلنے کے لئے آئیں گے‘ پاکستان سکوائش فیڈریشن نے ہماری بھرپور مہمان نوازی کا خیال رکھا اور ہمیں فول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی گئی ۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے حکام نے بتایا کہ فیڈریشن کی کوششوں کی وجہ سی12 سال بعد ڈیوس کپ ٹائی کا انعقاد بھی پاکستان میں ہوا‘ فروری 2017ء میں پاکستان اور ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کا سیمی فائنل کھیلا گیا‘ جس میں پاکستان نے ایران کو 3-2سے شکست دی۔ ڈیوس کپ ٹائی کا فائنل بھی پاکستان میں ہوگا۔پاکستان سائیکنلگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ رواں سال کے آخر میں سائوتھ ایشین سائیکنلگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بھارت‘ افغانستان سری لنکا ‘ نیپال ‘ برما اور میزبان پاکستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ یہاں پر گزشتہ چار سالوں کے دوران بہتر سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے سال 2014ء میں بھارت کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی اسی طرح 2016ء میں سری لنکن بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔دونوں سیریز میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھیں۔اس دوران پاکستان نے مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ لیا اور سال 2014ء میں پاکستان نے ایک روزہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں فائنل تک رسائی حاصل کی۔

سال 2016ء ایشئن بلائنڈ کرکٹ کپ جو کہ بھارت میں کھیلا گیا میں بھی پاکستان رنر اپ رہا۔ رواں سال بھارت میں ہونے والے ٹی 20 کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہتر سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے آئندہ سال جنوری 2018ء میں عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کی میزبانی پاکستان کو دی ہے‘اس کے لئے پاکستان انتظامات کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

امن و امان کی بہتر صورتحال اور موجودہ حکومت کی بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان آمد پر بہترین سیکورٹی فراہم کرنے کے باعث سال 2017ء کھیلوں کے انعقاد کے لئے کامیاب ثابت ہوا۔رواں سال پاکستان میں کرکٹ ‘ ریسلنگ ‘ فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے سجائے گئے یہاں پر ملکی نامور کھلاڑیوں سمیت بین الاقوامی معروف کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی اور پاکستان کو کھیلوں کے انعقاد کے لئے بہترین اور محفوظ ملک قرار دیا۔

مئی 2017ء میں پاکستان میں پہلی مرتبہ پرو ریسلنگ کا میلا بھی سجایا گیا ریسلنگ کا انعقاد لاہور کراچی اور اسلام آباد میں کیا گیا جس کو شائقین نے ایک بہترین کاوش قرار دیا ‘ پہلی پرو ریسلنگ مقابلوں میں دنیا کے مانے ہوئے پہلوانوں نے شرکت کی جس میں ٹنی آئرن ‘ایڈم فلیکس ‘ سٹار بک ‘ بادشاہ خان سمیت دیگر پہلوانوں نے شرکت کی۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد اور عوام کا زبردست استقبال دیکھ کر معروف پہلوانوں نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں محفوظ ملک قرار دیا رواں ماہ فٹ بال جو دنیا میں سب سے زیادہ پسند اور کھیلے جانے والا کھیل ہے۔

پہلی مرتبہ آٹھ بین الاقوامی فٹ بالرز نے پاکستان کا دورہ کیا اور دو نمائشی میچ کراچی اور لاہور میں کھیلے۔ فٹ بال کے عظیم کھلاڑی رائن گگز نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لحاظ سے محفوظ ملک ہے اور کراچی اور لاہور میں ہونے والے میچز دنیا کے لئے ایک پیغام ہے معروف فٹ بالرز ریان گیگز اور رونالڈینو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نئی نسل فٹ بال کی دلدادہ ہے جبکہ ان کے لئے کی جانے والی مہمان نوازی پر وہ بہت خوش ہیں۔

رواں سال پاکستان سکوائش فیڈریشن کی کوششوں کی وجہ سے پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اسلام آباد آئے اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ سکوائش سیریز کھیلی۔جس میں پاکستان نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان اور مصر کے درمیان انٹرنیشنل سکوائش سیریز بھی گزشتہ ہفتے کھیلی گئی جس میں مصری کھلاڑیوں نے پاکستان کو 3-2 سے شکست دی۔قومی باکسنگ کے نامور کھلاڑی اور کئی مرتبہ بین الاقوامی ٹائٹل جیتنے والے محمد وسیم نے عالمی باکسنگ کا ٹائٹل جیت کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔اسی طرح پاکستان نے دو ہفتے قبل جونیئر سنوکر کا ٹائٹل جیتا۔
وقت اشاعت : 19/07/2017 - 13:35:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :