دو سالہ پابندی کے بعد چنئی سپر کنگز کی قیمت میں اضافہ اور مقبولیت میں پہلے سے اضافہ ہو گیا ہو جیسا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اس وقت ہوا تھا

بھارتی بائولر روی چندرہ ایشون متنازعہ بیان دیکر مشکل میں پھنس گئے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور میرے کہنے کا مقصد محض اتنا تھا کہ جب ٹیم کی واپسی ہو گی تو شائقین بڑی تعداد میں میدانوں کا رخ کریں گے،شدید تنقید کے بعد بائولرز کی وضاحت

بدھ 19 جولائی 2017 23:12

دو سالہ پابندی کے بعد چنئی سپر کنگز کی قیمت میں اضافہ اور مقبولیت میں پہلے سے اضافہ ہو گیا ہو جیسا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اس وقت ہوا تھا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2017ء)انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کی ٹیم چنئی سپر کنگز کی دو سالہ پابندی کا خاتمہ 14جولائی کو ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی لیگ میں حصہ لینے کی اہل ہو گئی ہے اور ٹیم کی پابندی کے خاتمے پر بھارتی باؤلر روی چندرہ ایشون اتنے زیادہ خوش ہوئے کہ متنازع بیان دے کر مشکل میں پھنس گئے۔روی چندرہ ایشون نے کہا کہ دو سالہ پابندی کے بعد چنئی سپر کنگز کی قیمت میں اضافہ اور مقبولیت میں پہلے سے اضافہ ہو گیا ہو جیسا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اس وقت ہوا تھا جب ان جہاز کریش ہو گیا تھا۔

2009 سے 2015 تک چنئی کی نمائندگی کرنے والے اسپنر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ چنئی اور دنیا بھر میں لوگ چنئی سپر کنگز کی واپسی کے منتظر ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان کی بہترین انداز میں واپسی ہو گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چھ فروری 1958کو یورپیئن کپ کے ٹائی کے بعد میونخ سے واپسی پر برٹش یورپیئن ایئرویز کا طیارہ ایندھن بند ہونے کے سبب اڑان بھرتے ہوئے کریش ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں آٹھ فٹبالرز سمیت 23 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس حادثے کو انگلش فٹبال کی تاریخ کا بدترین حادثہ مانا جاتا ہے۔

اس حادثے کے دس سال بعد مانچسٹر یونائیٹڈ طیارہ حادثے میں بچنے والے دو کھلاڑیوں سمیت ٹیم کے دیگر اراکین کی مدد سے کلب نے یورپیئن کپ جیتا تھا اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والا پہلا انگلش کلب بنا تھا۔اس موازنے پر ایشون کو بھارت سمیت دنیا بھر سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور یہاں تک کہ انہیں ٹوئٹر پر آکر اپنے بیان کی وضاحت کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور میرے کہنے کا مقصد محض اتنا تھا کہ جب ٹیم کی واپسی ہو گی تو شائقین بڑی تعداد میں میدانوں کا رخ کریں گے۔۔
وقت اشاعت : 19/07/2017 - 23:12:30