ہاکی فیڈریشن میں تبدیلی ، سمیع اللہ کا عہدہ لینے سے انکار

موجودہ فیڈریشن کے کام کے طریقہ کار سے مطمئن نہیں،سابق اولمپیئن کا موقف ،فرحت خان کو صرف ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے ،منیجر کی ذمہ داریاں نہیں دی گئیں:ذرائع

ہفتہ 22 جولائی 2017 18:10

ہاکی فیڈریشن میں تبدیلی ، سمیع اللہ کا عہدہ لینے سے انکار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2017ء) ورلڈ ہاکی لیگ میں غیر معیاری کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہاتھ پاوں پھول گئے ہیں۔ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ تو تبدیل کر دی منیجر کے نام کا اعلان بھی کیا تاہم اب بھی اس عہدے کے لئے سابق اولمپیئنز سے رابطے کر رہے ہیں۔ سابق اولمپیئن سمیع اللہ سے سب سے پہلے رابطہ کیا گیا تھا اور پی ایچ ایف کی جانب سے انہیں قومی ہاکی ٹیم کے منیجر بنانے کی آفر کی گئی جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

سمیع اللہ کا موقف تھا کہ وہ موجودہ فیڈریشن کے کام کرنے کے طریقہ کار سے مطمئن نہیں ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کیا۔ واضح رہے کہ جمعرات کو پی ایچ ایف نے میڈیا ریلیز جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سابق اولمپیئن فرحت خان کو ہیڈ کوچ اور منیجر کے فرائض دے دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ منیجر کے نام کا اعلان کرنے کے باوجود انہیں بھی اس عہدے کے لئے پیشکش کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے اس اقدام سے ہی ان کے غیر سنجیدہ ہونے کا ثبوت ملتا ہے جبکہ قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ ہاکی لیگ میں حالیہ کارکردگی بھی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دوسری جانب جب پی ایچ ایف سے رابطہ کیا گیا تو آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فرحت خان کو ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے انہیں منیجر کی ذمہ داریاں نہیں دی گئیں غلطی سے میڈیا ریلیز میں ان کا نام شائع ہوا۔ پی ایچ ایف کے ذرائع نے بتایا کہ منیجر کے لئے مختلف اولمپیئنز سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہوں نے تصدیق کی کہ سمیع اللہ کو بھی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اب دیگر سے بھی اس عہدے کے لئے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 22/07/2017 - 18:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :