پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے بہت مواقع ہیں ، پاکستان میں جہاں بھی گیا ہوں میرا پرتپاک استقبال کیا گیا،رومیلڈو سانچیز

بچوں سے تربیت شروع کی جائے تو پاکستان فٹ بال میں عالمی سطح پر مقام حاصل کر سکتا ہے،برازیلین فٹبالر کی حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس

ہفتہ 22 جولائی 2017 22:48

پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے بہت مواقع ہیں ، پاکستان میں جہاں بھی گیا ہوں میرا پرتپاک استقبال کیا گیا،رومیلڈو سانچیز
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2017ء) معروف برازیلین فٹ بالر وکوچ رومیلڈو سانچیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لئے بہت مواقع ہیں میں پاکستان میں جہاں بھی گیا ہوں میرا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے اور سیکورٹی کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا، حیدرآباد میں میں نے اپنے گھر جیسا ماحول دیکھا ہے، فٹ بال کی ترقی کے لئے معاشرے والدین اسکولوں اور سرکاری انتظامیہ سب کا کردار اہم ہے، اگر بچوں سے تربیت شروع کی جائے تو پاکستان فٹ بال میں عالمی سطح پر مقام حاصل کر سکتا ہے۔

وہ حیدرآباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، یہاں آمد پر صحافیوں نے بھی ان کا خیرمقدم کیا جبکہ اسکولوں کے بچوں سمیت مختلف شعبہ زندگی کے لوگ بھی ان کا خیرمقدم کرنے کے لئے موجود تھے، پریس کانفرنس میں فائونڈیشن پبلک اسکول کے ریٹائرڈ کرنل سمیع اللہ خان، فائونڈیشن کے کھیلوں سے متعلق ذمہ دار مراد، فہد آغا اور دیگر بھی موجود تھے، کرنل سمیع اللہ خان نے رومیلڈو سانچیز کو پھولوں کا گلدستہ اور تحائف بھی پیش کئے۔

(جاری ہے)

رومیلڈو سانچیز نے حیدرآباد میں اپنے پرتپاک استقبال پر شہریوں اسکولوں کی انتظامیہ اور دیگر حلقوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں جہاں بھی گئے ہیں ان کا کھلے دل سے استقبال کیا گیا ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو انہوں نے اپنے گھرجیسا محسوس کیا ہے ان کا گائوں بھی اسی طرح کا ہے ، پاکستان میں صرف زبان اور کلچر کا معمولی فرق ہے ورنہ میں انہیں برازیل کی طرح ہی سب کچھ دیکھا ہے، پاکستان میں عالمی کھلاڑیوں کے لئے سیکورٹی کے خدشات کے پروپیگنڈے کے حوالے سے سوال پر رومیلڈو سانچیز نے کہا کہ دنیا میں مشکلات ہر جگہ ہیں لیکن کچھ عملی اقدامات اٹھانے سے ہی ان مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے، میں نے پاکستان میں کوئی ایسی مشکل صورتحال محسوس نہیں کی میں فوڈ اسٹریٹس میں بھی گیا ہوا جہاں لوگوں نے میرا کھلے دل سے استقبال کیا، صرف یہ فرق ہے کہ پاکستان میں کھانے زیادہ مصالحے دار ہوتے ہیں جن سے اعتراز کرنا پڑتا ہے، پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے مواقع کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر کام کے لئے کمٹمنٹ اور منصوبہ بندی بنیادی ضرورت ہے اگر عزم اور منصوبہ بندی سے فٹ بال کی ترقی کے لئے کام شروع کیا جائے اور پھر اس کو برقرار رکھنے کے لئے حوصلے سے جدوجہد کی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر فٹ بال اعلیٰ مقام نہ حاصل کرے، انہوں نے کہا کہ فٹ بال کی ترقی کے لئے بچوں کو آگے لانے ان کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے اس میں اسکولوں والدین اسپورٹس کی تنظیموں حکومت سمیت پورے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ فٹ بال ایک بزنس کی طرح ہے، ہم بھی ان تمام مراحل سے گزر کر آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی ضرور فٹ بال کی ترقی کے مواقع ہیں لیکن اس کے لئے کمٹمنٹ اور محنت کی ضرورت ہے یہاں موجود کمسن بچے میری توجہ کا خصوصی مرکز ہیں ان سے تربیت کا کام شروع ہونا چاہیے، یہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔

رومیلڈو سانچیز فائونڈیشن پبلک اسکول کے تحت کراچی اور حیدرآباد کا دورہ کر رہے ہیں ، اس موقع پر بتایا گیا کہ وہ حیدرآباد میں اسکول کے بچوں کلب سے تعلق رکھنے والے اور اسٹریٹ بچوں کے علاوہ اسپیشل بچوں سے ملاقات کرکے انہیں فٹ بال کی تربیت کی طرف راغب کریں گے تاکہ ان کے لئے یہ یادگار لمحات ہوں کہ عالمی سطح کے ایک عظیم فٹ بال کوچ سے انہوں نے تربیت کا آغاز کیا تھا اس طرح ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہو گا، بتایا گیا کہ رومیلڈو سانچیز سرکاری انتظامی افسران کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وقت اشاعت : 22/07/2017 - 22:48:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :