بروک لیسنرنے ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

پیر 24 جولائی 2017 15:37

بروک لیسنرنے ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کا عندیہ دے دیا
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2017ء)ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک بروک لیسنر لگتا ہے ایک بار پھر اس کمپنی کو چھوڑ کر یو ایف سی کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔امریکی جریدے فوربس کے مطابق بروک لیسنر نے ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑ کر ایک بار پھر یو ایف سی میں واپسی کا عندیہ دیا ہے، جہاں سے نکل کر وہ 2012 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے تھے۔

رپورٹ کے مطابق بروک لیسنر ریسل مینیا 34 کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑ کر یو ایف سی کا رخ کرسکتے ہیں، جہاں وہ اگلے سال نومبر میں رنگ کا حصہ بن سکیں گے۔تاہم اس واپسی سے قبل بروک لیسنر کو یو ایس اے ڈی اے میں اپنے ڈوپ ٹیسٹ کو بھی کلیئر کرانا ہوگا جس کے تحت ان پر یو ایف سی میں گزشتہ سال ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

بروک لیسنر کا ڈبلیو ڈبلیو ای کنٹریکٹ ریسل مینیا 34 کے بعد ختم ہورہا ہے اور اب تک انہوں نے اس پر دوبارہ دستخط کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا اور اپنے آپشنز اوپن رکھے ہیں۔

کچھ حلقوں کے مطابق بروک لیسنر یو ایف سی میں واپسی کا عندیہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے بہتر معاہدے کے لیے دے رہے ہیں، حالانکہ وہ پہلے ہی کمپنی کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اسٹار ہیں۔یو ایف سی میں درحقیقت مکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے جو کہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے کافی حد تک مختلف برانڈ ہے۔اس سے پہلے بروک لیسنر یو ایف سی 100، 141 اور 200 کا حصہ رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ای کو امید ہے کہ یو ایف سی کا حصہ بن جانے کے باوجود بروک لیسنر اس کے ساتھ معاہدے کو برقرار رکھیں گے۔بروک لیسنر ویسے بھی ڈبلیو ڈبلیو ای میں پارٹ ٹائم ریسلر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، مگر حالیہ عرصے میں کمپنی کو انڈر ٹیکر اور بل گولڈ برگ جیسے پارٹ ٹائم ریسلرز سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں اور موجودہ یونیورسل چیمپئن کا الوداع اس کے لیے کافی بڑا دھچکا ثابت ہوسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 24/07/2017 - 15:37:02