بلدیہ ٹائون ہاکی لیگ فائنل رانا کلب نے جیت لی

پیر 24 جولائی 2017 17:00

بلدیہ ٹائون ہاکی لیگ فائنل رانا کلب نے جیت لی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2017ء) رانا ہاکی کلب نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور بلدیہ ہاکی کلب کے زیر انتظام منعقدہ بلدیہ ٹائون انوی ٹیشن انٹر کلب ہاکی لیگ جیت لی ،بلدیہ ٹائون ہاکی گرائونڈ پر منعقدہ فائنل میں ایئر پورٹ ہاکی کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3سے شکست ہو گئی ۔کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے ہو اور فاتح ٹیم کے عاقب احمد نے تیسرے منٹ میں ہی گول اسکور کر کے سنسنی پھیلا دی تاہم ایئر پورٹ کلب کی جانب سے عمدہ کھیل پیش کیا گیا جس کے باعث ایئر پورٹ کلب کی جانب سے 11 ویں منٹ میں تسلیم عثمانی نے خوب صورت فیلڈ گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا ۔

اس کے بعد کھیل میں مزید تیزی آگئی اور دونوں جانب سے مخالف گول پوسٹ پر متواتر حملے شروع ہوگئے ۔

(جاری ہے)

20ویں منٹ مین ایئر پورٹ کلب کی دفاعی لائن کی غلطی سے عاقب احمد نے فیلڈ گول کے ذریعے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جسے نزاکت علی نی23ویں منٹ میں 3-1میں بدل دیا ۔اسی دوران صرف دو منٹ بعد رانا کلب کے محمد شوکت نے اپنی حاضر دماغی سے گول اسکور کر کے مقابلہ4-1کر دیا ۔

ایئر پورٹ کلب کے فارورڈز نے منظم ہوکر دوبارہ پیش قدمی کی جس کے نتیجے میں ان کی جانب سے وہاب مزاری نے 28ویں منٹ میں گول اسکور کر کے خسارہ کم کیا ۔پہلا ہاف4-2سے ختم ہوا ،۔دوسرے ہاف میں32ویں منٹ میں ایئر پورٹ کلب کے شجاعت خان نے فیلڈ گول کر کے اسکور4-3کیا جس کے بعد رانا کلب نے کھیل کا ٹیمپو سست کر دیا اور اس کی دفاعی لائن کے عمدہ کھیل کے وجہ سے مزید کوئی گول اسکور نہ ہو سکا ۔

بعد ازاں مہمان خصوصی بریگیڈیئر یوسف بیگ نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔فاتح ٹیم کو دس ہزار روپے کیش انعام بھی دیا گیا ۔محمد شاہ زیب خان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور نزاکت علی ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر قرار دیے گئے ۔اس موقع پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین ،گلفراز احمد خان ،جاوید اقبال ،نسیم حسین ،ڈاکٹر ماجد علی،انیس کیانی،محسن علی خان ،چوہدری منور،محمد سلیم اور دیگر بھی موجود تھے ۔
وقت اشاعت : 24/07/2017 - 17:00:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :