جاپان جونیئرسکواش، پاکستانی کھلاڑیوں نے 3ٹائٹلز پر قبضہ کر لیا،اسد اللہ خان انڈر 15 ،حذیفہ ابراہیم انڈر13 میں گولڈ،خوشحال سلور میڈل جیتنے میں کامیاب

ہفتہ 29 جولائی 2017 15:41

جاپان جونیئرسکواش، پاکستانی کھلاڑیوں نے 3ٹائٹلز پر قبضہ کر لیا،اسد اللہ خان انڈر 15 ،حذیفہ ابراہیم انڈر13 میں گولڈ،خوشحال سلور میڈل جیتنے میں کامیاب
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جولائی2017ء) جاپان جونیئراوپن اسکواش چیمپئن شپ کے 3 ٹائٹلز پاکستانی کھلاڑیوں نے جیت لیے۔جاپان کے شہر یوکو ہاما میں ہونے والی جاپان جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے فتوحات سمیٹ لیں، لاہور سے تعلق رکھنے والے حارث قاسم نے انڈر 17 ایونٹ کے فائنل میں ایک سخت اور جان توڑ مقابلے کے بعد ملائیشیا کے کھلاڑی کے کے ڈبلیو تحہ کو 3-2 سے قابو کرلیا، حارث نی11-7، 12-14، 6-11، 11-4 اور 13-11 سے کامیابی پائی، پشاورسے تعلق رکھنے والے اسد اللہ خان انڈر15ایونٹ جیتنے میں کامیاب رہے، ایشین جونیئر اسکوش چیمپئن شپ کیلیے قومی جونیئراسکواڈ میں شامل اسد اللہ نے معمولی سی تگ و دو کے بعد پاکستان ہی کے خوشحال ریاض کو3-0 سے زیرکرلیا، اس طرح اسد اللہ گولڈ اور خوشحال سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عالمی جونیئر سرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد حذیفہ ابراہیم نے انڈر13 ٹائٹل جیت لیا، ایونٹ کے فائنل میں حذیفہ کو ایک گیم کی قربانی دینا پڑی، حذیفہ نے جاپان کے کھلاڑی یو جن اکیڈا کو فائنل میں3-1 سے قابو کیا، ان کی فتح کا اسکور 14-16، 11-8، 11-8 اور11-9 رہا۔دریں اثنا پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان نے جاپان جونیئر میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندارکامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سرکٹ میں شرکت کے بھرپورمواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 29/07/2017 - 15:41:47