پی سی بی نے نجم سیٹھی کو شہریار خان کا جانشین بنانے کی تیاریاں مکمل کرلیں

گورننگ بورڈ کی3ارکان نامزد ،چوتھے رکن کا فیصلہ فاٹا کے انتخابات مکمل ہونے پر کیا جائے گا

جمعہ 4 اگست 2017 16:19

پی سی بی نے نجم سیٹھی کو شہریار خان کا جانشین بنانے کی تیاریاں مکمل کرلیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نجم سیٹھی کو شہریار خان کا جانشین بنانے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ گورننگ بورڈ کے 3 ارکان نامزد ہوگئے ہیں جبکہ ڈیپارٹمنٹس ممبرز کی نامزدگی بھی جاری ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے گورننگ بورڈ کے نئے ممبران کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق لاہور کے نمائندے خواجہ ندیم احمد، کوئٹہ کے مراد علی اور سیالکوٹ کے نعمان بٹ ہوں گے۔

چوتھے رکن کا فیصلہ فاٹا کے انتخابات مکمل ہونے پر کیا جائے گا۔گورننگ بورڈ میں 4 ریجنز اور 4 ڈیپارٹمنٹس کے نمائندے شامل ہوں گے۔ نئے ارکان میں یو بی ایل کی نمائندگی منصور مسعود خان، واپڈا کی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین، سوئی سدرن گیس کی نمائندگی ریٹائرڈ کرنل صہیب کریں گے۔

(جاری ہے)

ایچ بی ایل نے ابھی تک اپنے نمائندے کا نام نہیں دیا۔ توقع ہے کہ بینک کی نمائندگی صدر نعمان ڈار کریں گے۔

نواز شریف نے سپریم کورٹ سے نااہل ہونے سے پہلے نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کو اپنا نمائندہ نامزد کیا تھا۔ جبکہ جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔ شہریار خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد افضل حیدر 8 اگست سے قائم مقام چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالیں گے۔ انہیں ایک ماہ میں نیا چیئرمین منتخب کرکے عہدہ اس کے سپرد کرنا ہے۔بظاہر نجم سیٹھی کا چیئرمین بننا یقینی ہے لیکن ان کی نامزدگی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج ہوگئی ہے اور 10 اگست کو کیس کی سماعت ہے۔ بورڈ اس سے قبل 9 اگست کو نجم سیٹھی کو منتخب کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ۔
وقت اشاعت : 04/08/2017 - 16:19:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :