بھارت نے کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کو اننگز اور 53 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

اتوار 6 اگست 2017 15:40

بھارت نے کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کو اننگز اور 53 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی
ْ کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2017ء) بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ فالو آن کے بعد سری لنکن ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 386 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ دیمتھ کرونارتنے نے 141 رنز کی اننگز کھیلی۔ روندرا جدیجا نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے فالو آن کے بعد اپنی دوسری نامکمل اننگز 209 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کو تو دیمتھ کرونا رتنے 92 اور پشپاکمارا 2 رنز پر کھیل رہے تھے۔ 16 کے انفرادی سکور پر ایشون نے پشپا کمارا کو کلین بولڈ کر دیا۔ کپتان دنیش چندیمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 2 رنز بناکر روندرا جدیجا کی گیند پر راہانے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

دیمتھ کرونا رتنے نے 141 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے شامل تھے، یہ ان کے کیریئر کی چھٹی سنچری ہے، انہیں جدیجا نے آئوٹ کیا۔ اینجلو میتھیوز 36 ، دلروان پریرا 31 ، نروشن ڈکویلا 31 ، دھنن جایا ڈی سلوا 17 اور نوان پردیپ ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ رنگنا ہیراتھ 17 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 386 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی جس کی وجہ سے اسے اننگز اور 53 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ روندرا جدیجا نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ ایشون اور پانڈیا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس جیت کے بعد بھارت کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔
وقت اشاعت : 06/08/2017 - 15:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :