شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ نئے چیئرمین منتخب

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں چیئرمین کا انتخاب عمل میں آیا ،نجم سیٹھی کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہ آیا بورڈ کے اعتماد پر پورا اترونگا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے‘ نجم سیٹھی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بورڈ ممبران کا شکریہ

بدھ 9 اگست 2017 15:49

شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ نئے چیئرمین منتخب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2017ء) شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہوگئے،ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی اور ممبران کا شکریہ ادا کیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پی سی بی گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا ۔

اجلاس شروع ہوتے ہی یہ اعلان کیا گیا کہ بورڈ کا کوئی بھی ممبر چیئرمین کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے تاہم کوئی بھی نجم سیٹھی کے مقابلے میں نہیں آیا۔جس پر نجم سیٹھی کو بلا مقابلہ پی سی بی چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔ وہ تین سال کے لیے بورڈ کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔نئے گورننگ بورڈ میں 4 ڈپارٹمنٹس یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی، جبکہ ریجنز میں لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور ایڈہاک کا شکار فاٹا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی سی بی حکام کے مطابق نجم سیٹھی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے طور پر ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں اور انہوں نے گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اتروں گا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔واضح رہے کہ شہریار خان مدت پوری ہونے پر چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔ نجم سیٹھی پہلے بھی چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 09/08/2017 - 15:49:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :