چین میں منعقدہ وومن فٹ بال ایونٹ میں کامیابی حاصل کریں گے‘ سعدیہ شیخ

جمعہ 11 اگست 2017 17:40

چین میں منعقدہ وومن فٹ بال ایونٹ میں کامیابی حاصل کریں گے‘ سعدیہ شیخ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) دیا وومن فٹ بال کلب کی فاؤنڈر اور سیکریٹری جنرل سعدیہ شیخ کی نگرانی میں ٹیم ناروے کا دورہ مکمل کرکے چین کیلئے روانہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق دیا وومن فٹ بال کلب کی ٹیم نے ناروے میں منعقدہ میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دنیا بھر کے 35 ممالک سے مقابلے میں 8ویں نمبر پر رہی اور کوارٹر فائنل راؤنڈ تک پہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر چین کے دورے کیلئے روانگی کے موقع پر سعدیہ شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اب گوتھیا کپ کے لئے چین کے شہر شینیانگ روانہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں منعقدہ ایونٹ میں کامیابی حاصل کرینگے ٹیم میں شامل تمام وومن کھلاڑی انتہائی محنتی اور باصلاحیت ہیں۔ سعدیہ شیخ نے مزید کہا کہ چین کے ایونٹ کیلئے وومن فٹبال کی ٹیم نے پہلے سے زیادہ کامیابی کیلئے تیاری کی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ چین میں سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اپنی مدد آپ کے تحت دنیا کے مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ اس موقع پر کوچ رخسار راشد، کپتان عالیہ جلکا و دیگر کھلاڑی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 11/08/2017 - 17:40:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :