نیا ناظم آباد انٹر اکیڈمی انڈر 19 فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل کل کھیلا جائیگا

ہفتہ 12 اگست 2017 14:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2017ء) فرسٹ نیا ناظم آباد انٹر اکیڈمی انڈر 19 فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل کل اتوار کو شام 4:30 بجے نیا ناظم آباد کے نئے گراسی فٹ بال گرائونڈ پر کھیلا جائیگا۔ فائنل میں ٹورنامنٹ کی دو ناقابل شکست ٹیموں فیورٹ کراچی یونائیٹڈ فٹ بال اکیڈمی لیاری سینٹر کا مقابلہ مضبوط حریف نیشنل سوکر فٹ بال اکیڈمی سے ہو گا۔

ٹورنامنٹ کے آرگنا ئزنگ سیکریٹری سید ناصر اسماعیل کے اعلا میہ کے مطابق تقریب تقسیم انعامات فائنل میچ کے اختتام پر 5:30 بجے منعقد ہو گی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سابق کپتان قومی فٹ بال ٹیم و پرائیڈ آف پر فارمنس علی نواز بلوچ، چیئرمین عارف حبیب گروپ و سربراہ ٹورنامنٹ کمیٹی عارف حبیب اور سی ای او جاویداں کارپوریشن لمیٹڈ صمد حبیب و دیگر کے ہمراہ فائنلسٹ ٹیموں میں ٹرافیز وکیش ایوارڈ کے علا وہ دیگر انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں کانگریس ممبر پی ایف ایف علی بہار بروہی، چیف فنانس آفیسر نیا ناظم آباد سید محمد طلحہ، مارکیٹنگ ہیڈ نیا ناظم آباد احمر علی رضوی، فنانس کنٹرول آفیسر عمران حق، گرائونڈ انچارج خالد یاسین کے علاوہ انٹرنیشنل فٹ بالرز و فٹ بال کی نامور شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ ایونٹ کے فائنل اور اختتامی تقریب کو شاندار طریقے سے آرگنائز کرنے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

قبل ازیں گذشتہ روز کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں نیشنل سوکر فٹ بال اکیڈمی نے حریف گلشن سوکر فٹ بال اکیڈمی کو باآسانی 5-1 کی اسکور لائین سے زیر کر کے ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ جبکہ نیشنل سوکر فٹ بال اکیڈمی کا جاری ٹورنامنٹ کا سفر شکست کے بعد تمام ہوا۔ فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے خوبصورت بال کنٹرول، عمدہ کھیل اور شاندار فینشنگ کے ذریعے مخالف ٹیم کو مکمل دبائو میں رکھا۔

نیشنل سوکر اکیڈمی کی جانب سے فاروڈ محمود نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں بہترین کوشش کے ذریعے خوبصورت گول اسکور کر کے 1-0 کی سبقت دلا دی۔ عبیدا للہ نے 9 ویں منٹ، ارسلان شاہ نے 26 ویں منٹ، اخلاص نے 41 ویں منٹ اور علی موسیٰ نے 55 ویں منٹ میں ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی جبکہ گلشن سوکر اکیڈمی کا گول شارق خٹک نے کھیل کے 50 ویں منٹ میں اسکور کیا۔

میچ کے اختتام پر چیف کوچ کراچی یونائیٹڈ فٹ بال ارشد جمال نے فاتح ٹیم کے اخلاص کو عمدہ کھیل پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر فیفا ریفری حبیب اللہ اور محمدآصف بھی موجود تھے۔ مذکورہ دوسرے سیمی فائنل میچ کو ریفریز عبدالمالک، عبدالکریم اور عبدالحکیم نے سپروائز کیا جبکہ فورتھ آفیشل کی ذمہ داری محمد جاوید نے نبھائی اور میچ کمشنر محمد آصف تھے۔
وقت اشاعت : 12/08/2017 - 14:27:00