انٹرنیشنل کرکٹ میں سلمان بٹ کی واپسی کیلئے راہ ہموارہونے لگی،ہائی پرفارمنس کیمپ میں فارم اور فٹنس سے سلیکٹرز کو متاثر کیا،ہیڈکوچ مکی ارتھر کی توجہ کامرکز رہے

منگل 15 اگست 2017 14:34

انٹرنیشنل کرکٹ میں سلمان بٹ کی واپسی کیلئے راہ ہموارہونے لگی،ہائی پرفارمنس کیمپ میں فارم اور فٹنس سے سلیکٹرز کو متاثر کیا،ہیڈکوچ مکی ارتھر کی توجہ کامرکز رہے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) سلمان بٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے راہ ہموار ہونے لگی، ہائی پرفارمنس کیمپ میں فارم اور فٹنس سے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد محمد عامرکی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی، پیسر تینوں فارمیٹ کی قومی ٹیموں میں جگہ پکی کرچکے ہیں، سلمان بٹ کیلئے بھی راستہ بنتا نظرآرہا ہے، پی سی بی نے مستقبل کی کھیپ تیار کرنے کیلئے ہائی پرفارمنس کیمپ کا انعقاد کیا تو سلمان بٹ کو دیگر پلیئرز کیساتھ پریکٹس کی اجازت دی گئی۔

اوپنر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوران اپنی فارم اور فٹنس سے سلیکٹرزکومتاثر کیا، انھوں نے 5پریکٹس میچز میں 59.60کی اوسط کیساتھ سب سے زیادہ 298 رنز بنائے، سمیع اسلم 45.60کی ایوریج سے 228رنز جوڑ کر دوسرے نمبر پر رہے، دونوں نے ایک ایک سنچری بھی اسکور کی، دیگر بیٹسمینوں میں صاحبزادہ فرمان 171، محمد رضوان165 اور محمد نواز 31.80رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ہائی پرفارمنس کیمپ کے آخری روز لیے جانے والے ٹیسٹ میں ان کی فٹنس بھی بہترین قرار دی گئی، پریکٹس سیشنز میں سلمان بٹ ہیڈ کوچ مکی آرتھ کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے،اوپنر کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلیے منتخب لاہور وائٹس ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، ملتان اور لاہور میں ہونے والے اس ایونٹ میں اچھی کارکردگی سلمان بٹ کی واپسی کا سفر مزید آسان بناسکتی ہے، انھیں سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے تربیتی کیمپ میں بلائے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہونے سے قبل سلمان بٹ نے 33ٹیسٹ میں 30.46کی اوسط سے 1889اور 78ون ڈے میچز میں 36.82کی ایوریج سے 2725رنز بنائے تھے۔
وقت اشاعت : 15/08/2017 - 14:34:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :