سابق چیئرمین شہر یار خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام

،نجم سٹھی اوردیگر عہدیدران نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا

بدھ 16 اگست 2017 22:00

سابق چیئرمین شہر یار خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے سابق چیئرمین شہر یار خان کے اعزاز میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں الواداعی تقریب منعقد کی جس میں پی سی بی کے نئے چیئرمین نجم سیٹھی ،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ،ذاکر خان ،ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی سمیت دیگر عہدیداران اور سٹاف ممبران نے شرکت کی ۔شہر یار خان جب قذافی سٹیڈیم پہنچے تو عملہ نے تالیاں بجاکر ان کا استقبال کیا ۔

شہر یار خان نے عملہ سے فردا فردا ہاتھ ملایا ۔اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے شہر یار خان کی کرکٹ کے لئے ادا کی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اور شہر یار خان نے دنیا بھر میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے کتنی محنت کی ۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین شہر یار خان نے نجم سیٹھی اور پی سی بی کی مینجمنٹ کی طرف سے ان کے تین سالہ دور میں تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی پر پی سی بی کے کوچنگ سٹاف اور سلیکشن کمیٹی کی بھی تعریف کی ۔انہوں نے نجم سیٹھی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا امید ہے کہ ان کے دور میں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی ۔
وقت اشاعت : 16/08/2017 - 22:00:16