سکواش نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں جو رتبہ دلوایا اس کے بدلے میں اسے کچھ نہیں ملا ،ْ جہانگیر خان

جمعرات 17 اگست 2017 12:33

سکواش نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں جو رتبہ دلوایا اس کے بدلے میں اسے کچھ نہیں ملا ،ْ جہانگیر خان
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) سکواش کے سابق عالمی چمپئن جہانگیر خان نے کہاہے کہ اس کھیل نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں جو رتبہ دلوایا اس کے بدلے میں اسے کچھ نہیں ملا۔ایک انٹرویومیں جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان میں سکواش پر کبھی بھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی چاہے وہ حکومت کی طرف سے ہو، منتظمین کی جانب سے ہو یا فیڈریشن کی طرف سے۔

جہانگیرخان ساڑھے پانچ سال تک بین الاقوامی سکواش مقابلوں میں ناقابل شکست رہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بننے کے صرف چار سال بعد ہی ہم اس کھیل میں عالمی چمپئن بن گئے تھے جبکہ دوسرے ممالک کو اس مقام تک پہنچنے میں طویل عرصہ لگا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستان نے سکواش کی دنیا میں بلند مقام حاصل تو کر لیا لیکن اسے مزید استحکام دینے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

چھ بار ورلڈ چمپئن بننے والے جہانگیرخان نے کہاکہ ان سمیت جتنے بھی عالمی چمپئن بنے وہ اپنی مدد آپ کے تحت بنے البتہ بعد میں انھیں بحریہ، فضائیہ اور پی آئی اے کی طرف سے مدد ضرور ملی لیکن اکیڈمیوں کے ذریعے تربیت کا منظم پروگرام نہ پہلے تھا نہ آج موجود ہے۔جہانگیر خان پاکستان سکواش فیڈریشن کو پاکستان ایئرفورس سے لے کر کسی دوسرے ادارے کو دینے کے حق میں نہیں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اگر فیڈریشن ایئرفورس سے لے لی جاتی ہے تو پھر حکومت کو اس کھیل کے لیے بہت کچھ کرنا ہوگا۔پاکستان سپورٹس بورڈ اور حکومت سے جو مدد اس وقت مل رہی ہے وہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ دس بیس لاکھ روپے سے فیڈریشن چلائی جا سکتی ہے تو یہ ناممکن ہے۔جہانگیر خان نے کہاکہ سابق عالمی چمپئن کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنا اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا حکومت اور سکواش فیڈریشن کی ذمہ داری ہے۔

انہوںنے کہاکہ کوئی بھی ورلڈ چمپئن اپنی فائل لے کر ِخود نہیں گھومے گا اور کہے گا کہ اس سے کام لے لیں۔ آج انگلینڈ ،ْآسٹریلیا ،ْفرانس اور مصر میں سابق ورلڈ چیمپیئنز کوچنگ اور ٹریننگ سے وابستہ ہیں تو انھیں یہ ذمہ داری ان کی حکومت اور فیڈریشن نے سونپ رکھی ہے اور وہ بڑی تعداد میں جونیئر کھلاڑی تیار کررہے ہیں۔جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں میں وہ جذبہ نہیں ہے جو بڑا کھلاڑی بننے کیلئے درکار ہوتا ہے۔

ان کے پاس واضح سوچ نہیں ہے ،ْوہ جس مقام پر ہیں اسی پر خوش ہیں، اسی پر سمجھوتہ کیے بیٹھے ہیں۔ سکواش میں شارٹ کٹ نہیں ہے ،ْیہ راتوں رات کامیابی حاصل کرنے والا کھیل نہیں ہے تاہم جہانگیر خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں سکواش کے مستقبل سے مایوس نہیں ہیں۔ملک میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں ان میں صرف محنت کی کمی ہے اگر وہ آج سے سخت محنت شروع کریں تو اگلے پانچ دس سال میں کوئی نہ کھلاڑی ورلڈ چمپئن بن سکتا ہے لیکن آج وہ جس طرح مطمئن ہو کر کھیل رہے ہیں اسے دیکھتے ہوئے ان کے لیے بلند مقام تک پہنچنا ممکن نہیں۔
وقت اشاعت : 17/08/2017 - 12:33:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :