محمد علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی منصورہ اسپورٹس کے نام‘ منٹگمری جیم خانہ رنر اپ رہی

جمعرات 17 اگست 2017 22:10

محمد علی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی منصورہ اسپورٹس کے نام‘ منٹگمری جیم خانہ رنر اپ رہی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) کے سی سی اے زون 2 کے زیر اہتمام تیسرا محمد علی میموریل لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل منصورہ اسپورٹس نے بہتر رن ریٹ پر جیت کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی جبکہ حریف منٹگمری جیم خانہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مقررہ 20 اوورز میں دونوں ٹیموں نے 151رنز کا یکساں اسکور کیا۔ منصورہ اسپورٹس کو ابتدائی 10 اوورز میں بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ٹائٹل کا حقدار قرار دیا گیا۔

فاتح ٹیم کے مطیع الرحمن کو 61رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی فائنل اور کیش ایوارڈ دیا گیا۔ پروفیسر اعجاز فاروقی کی جانب سے ٹورنامنٹ کو عمدگی سے آرگنائزر کرنے پر منصورہ اسپورٹس کے کپتان ڈاکٹر عارف زیدی کو 25ہزار روپے کا کیش ایوارڈ دیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی مزمل قریشی، رکن قومی اسمبلی نے میچ کے اختتام پر اپنے خطاب میں پروفیسر اعجاز فاروقی کو کراچی کی کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

مہمان خصوصی نے کہا کہ پروفیسر اعجاز فاروقی نے جس طرح کراچی کے کرکٹرز کی خدمت کی ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی یہی وجہ کہ کھلاڑیوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پی سی بی کے سینئر و جونیئر سطح کے جملہ ٹورنامنٹس جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ کے سی سی اے زون 2اور کے سی سی اے کے الیکشن سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پروفیسر اعجاز فاروقی اوران کی ٹیم نے گذشتہ تین سالوں میں اپنے منشور اور وعدوں کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے کلب کرکٹ کے فروغ کیلئے فری کرکٹ کو رائج کیا جس میں کھلاڑی کا کام صرف کھیلنا ہوتا ہے ۔

ووٹرز کو میرا مشورہ ہے کہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر کاکردگی اور میرٹ پر اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں کہ کراچی کی کرکٹ کے مفاد میں کون سنجیدہ اور کرکٹرز کے ساتھ کون مخلص ہے۔ صدر تقریب پروفیسر اعجاز فاروقی، سابق صدر کے سی سی اے نے کہا کہ کراچی کے کرکٹرز کی خدمت کرکے مجھے روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے اور ان کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھانا اپنا فرض اوّلین سمجھتا ہوں۔

میری ٹیم نے کراچی کی کرکٹ کی ترقی کیلئے جو مخلصانہ خدمات انجام دی ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔ تین سال کے مختصر عرصہ میں کراچی کا ہر سطح پر پاکستان کا جیمپئن ہونا کسی معجزہ سے کم نہیں، اس کارکردگی کو آئندہ بھی برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ جمیل احمد، سابق جوائنٹ سیکریٹری، کے سی سی اے نے دوران خطاب کہا کہ پروفیسر اعجاز فاروقی کی قیادت میں گذشتہ تین سالوں میں کے سی سی اے کی904 میچز کے انعقاد سے کراچی کا ہر کرکٹر کرکٹ کی سرگرمیوں میں مصروف عمل نظر آیا اور یہی وجہ تھی کہ قومی سطح پر ہر ٹائٹل کراچی کے نام کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا۔

منصورہ اسپورٹس کے سرپرست اعلیٰ صابر شیخ نے کہا کہ زون 2کے الیکشن کے حوالے سے کہا کہ26اگست کو مقامی کلبس پروفیسر اعجاز فاروقی پینل کے حق میں اپنا ووٹ بغیر کسی دباؤ کے استعمال کرکے کراچی کی کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پرتوصیف صدیقی، شہزاد عالم، جمیل احمد،سعید جبار، کامران جلیل، عبدالخالق مغل، سید شاہد علی، ارشد سلطان راجہ، فرید الدین، قمبر علی، صغیر احمد، راشد احمد، رئیس احمد، فیاض پٹیل، طارق حفیظ، وسیم علوی، سعید علی، میڈیا کوارڈنیٹر ریاض احمد و دیگر بھی موجود تھے۔

قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میں ٹاس جیت کر منٹگمری جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 151رنز بناسکی۔ جوبی اننگز میں منصورہ اسپورٹس نے بھی20اوورز میں 151رنز بنائے۔ ابتدائی 10اوورز میں بہتر بیٹنگ اوسط پر منصورہ اسپورٹس کو فاتح قرار دیا گیا۔ ایمپائرز محمد اصغر اور رحیم سولنگی جبکہ ناظم الدین آفیشل اسکورر تھے۔

میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی مزمل قریشی، رکن قومی اسمبلی نے فاتح ٹیم منصورہ اسپوٹس کے کپتان ڈاکٹر عارف زیدی کو ونر ٹرافی اور 25ہزار روپے بحیثیت آرگنائزر اور رنر اپ ٹیم کے کپتان شاہد اسلم کو رنر ٹرافی پیش کی ۔ مہمان خصوصی نے نیوکراچی چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح منصورہ اسپورٹس کے کپتان ڈاکٹر عارف زیدی اور رنراپ ٹیم این کے رینجرز سی سی کے کپتان رئیس احمد کو رنر اپ ٹرافی دی۔
وقت اشاعت : 17/08/2017 - 22:10:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :