نجم سیٹھی کی چیئرمین پی سی بی تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعہ 18 اگست 2017 15:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ میں نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس مامون الرشید شیخ اور جسٹس ناصر اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین کے خلاف چیئرمین تعینات کیا گیا۔درخواست گزار کے مطابق سابق پیٹرن نواز شریف 28 جولائی کو وزارت عظمی سے نااہل ہوگئے ، جس کے بعد نواز شریف کے مستقبل کے لیے جاری احکامات بھی غیرموثر ہوگئے ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کے لیے 6 اگست کا بطور بورڈ آف گورنر نوٹیفکیشن غیر موثر ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 6 اگست کے نوٹیفکیشن کی بنیاد پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کالعدم کی جائے۔عدالت نے سوال کیا کہ پی سی بی کے چیئرمین کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں آتا ہی جس پر پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں نہیں آتا۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔واضح رہے کہ 9 اگست کو پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں نجم سیٹھی بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
وقت اشاعت : 18/08/2017 - 15:26:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :