پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار

و رلڈ الیون ستمبر، اکتوبر میں، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور ہوں گے، ویسٹ انڈیز کا دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہو گا سری لنکا کی ٹیم ایک ٹی ٹوئنٹی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 4 تا 19نومبر ہوگا ، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی پریس کانفرنس

پیر 21 اگست 2017 18:03

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے راستے ہموار ہورہے ہیںاور انٹرنیشنل الیون سمیت دنیائے کرکٹ کی تین ٹیمیں آئندہ تین ماہ میں پاکستان کا دورہ کریں گی، یہاں قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بتایا کہ ورلڈ الیون ستمبر، اکتوبر میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی، آئندہ 72 گھنٹے میں ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا،ورلڈ الیون پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی اور اس میں ٹیسٹ کھیلنے والے مختلف ملکوں کے انٹرنیشنل سطح کے کھلاڑی شامل ہوں گے، اینڈی فلاور ٹیم کے کوچ ہوں گے ، پنجاب حکومت نے ہمیں میچز کے دوران صدارتی سطح کی سیکورٹی دینے کا یقین دلایا ہے ،انہوں نے کہا کہ ان تینوں ٹیموں کا پاکستان کا دورہ کامیاب ہوا تو دنیا کی اور ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی ،چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ اور انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان لانا ہدف تھا جبکہ سری لنکا کو دورہ پاکستان کیلئے منانا بہت مشکل تھا لیکن لنکن بورڈ نے دلیری کے ساتھ فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان آئیں گے، پی سی بی کو پروفیشنل بنانا بہت بڑی ذمہ داری ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، ورلڈ الیون آئندہ ماہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گی تاہم مہمان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان 2 سے 3 روز میں کر دیا جائے گا جبکہ سکیورٹی فنڈز کے علاوہ تمام اخراجات خود برداشت کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہو گا جبکہ ابھی تک کوئی غیر ملکی ٹیم لاہور کے علاوہ کسی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں،نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں یو اے ای میں شیڈول سری لنکا کیخلاف سیریز کا ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں بھی کھیلا جائے گا، بعد ازاں نومبر کے آخر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں مہمان ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی ،اس کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو منانا بہت مشکل کام تھا تاہم سری لنکن بورڈ نے دلیری سے فیصلہ لیا اور کہا کہ ہم آئیں گے،ورلڈ الیون کے دورہ کیلئے سیکورٹی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آئے گی ،انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے شیڈول کو تبدیل کردیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ اب 4 نومبرسے 19نومبر تک ہوگا ،نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ کراچی میں پہلے پی ایس ایل کے میچز کرواکر انٹرنیشنل ٹیموں کا اعتماد بحال کریں گے اور اس کے بعد انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ہوگا ،پی ایس ایل کے چند میچز کراچی میں کروانے کیلئے میں جلد ہی کراچی جائوں گا اور وہاں پر صوبائی حکومت اور آرمی کے حکام سے ملاقات کروں گا،نجم سیٹھی نے کہاکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں لیگ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو فٹنس کیمپ کیلئے پاکستان بلایا گیا ہے اور چند دن کے بعد انہیں دوبارہ لیگ کھیلنے کیلئے ملک سے باہر جانے کی اجازت ہوگی ۔

وقت اشاعت : 21/08/2017 - 18:03:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :