پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کے مابین 5 واں سالانہ عید کبڈی میچ 4 ستمبر کو ہوگا

پیر 28 اگست 2017 14:20

پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کے مابین 5 واں سالانہ عید کبڈی میچ 4 ستمبر کو ہوگا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2017ء) پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کے مابین ستمبر کے پہلے ہفتے ہونے والے 5ویں سالانہ عید کبڈی میچ کے بہترین انتظامات کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کی سربراہی عبدالخالق نون کریں گے۔ میچ کے آرگنائزر گجر انٹر نیشنل یوتھ فورم کے ترجمان عبدالخالق نون نے بتایا کہ میچ کے انعقاد کے لئے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں اور ٹیموں کو نہ صرف ٹرافی دی جائے گی بلکہ بھاری نقد انعامات دیئے جائیں گے۔

میچ کے انعقاد سے کبڈی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا ۔انہوں نے بتایا کہ فاتح ٹیم کو 3لاکھ جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو دولاکھ روپے اور ٹرافی دی جائے گی جبکہ بہترین کھیل پیش کرنے والے دو کھلاڑیوں کو دو 70 سی سی موٹرسائیکلیں دی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے مابین کبڈی میچ 4ستمبر بروزپیر چک نمبر 15میں منعقد ہوگا۔اس موقع پر پرسنل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب طلحہ برکی اور سینیٹر چوہدری جعفر اقبال مہمان خصوصی ہونگے ، انہوںنے کہاکہ میچ کے انعقاد کا مقصد پاکستان بالخصوص پنجاب کے روائتی کھیل کبڈی کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے تا کہ وہ نصابی کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی مشغول رہیں جبکہ پاکستان کی کبڈی کی قومی ٹیم کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں رہنے والے نوجوان انتہائی قابل اور محنتی ہوتے ہیں اس لئے انہیں اس کھیل کی طرف راغب کر کے نا صرف قومی کبڈی ٹیم کیلئے نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جا سکتا ہے بلکہ انہیں ایسی سرگرمیوں میں شامل کر کے معاشرتی بے راہ رویوں سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کبڈی ٹیم نے عالمی کپ کے دوران بھارت سمیت دنیا کی دیگر بہترین ٹیموں کو دھول چٹائی ہے۔انہوں نے کہا کہ روائتی کھیل کبڈی نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام ہمیشہ روشن کیا ہے تاہم روائتی کبڈی کھیل کے فروغ کے لئے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 28/08/2017 - 14:20:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :