شے ہوپ کی ریکارڈ ساز سنچری، کالی آندھی نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر، ویسٹ انڈیز نے 322 رنز کا ہدف آخری روز 5 وکٹوں پر پورا کیا، بریتھویٹ اور ہوپ نے تیسری وکٹ میں 144 رنز کی عمدہ شراکت جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، ہوپ 118 رنز بنا کر ناقابل شکست، بریتھویٹ 95 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ہوپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

منگل 29 اگست 2017 23:20

شے ہوپ کی ریکارڈ ساز سنچری، کالی آندھی نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر، ویسٹ انڈیز نے 322 رنز کا ہدف آخری روز 5 وکٹوں پر پورا کیا، بریتھویٹ اور ہوپ نے تیسری وکٹ میں 144 رنز کی عمدہ شراکت جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، ہوپ 118 رنز بنا کر ناقابل شکست، بریتھویٹ 95 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ہوپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
لیڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2017ء) شے ہوپ کی ریکارڈ ساز سنچری اور کریگ بریتھویٹ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت کالی آندھی نے انگلینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، کالی آندھی نے 322 رنز کا ہدف آخری روز 5 وکٹوں پر حاصل کیا، 53 کے سکور پر ابتدائی 2 وکٹیں کھونے کے بعد شے ہوپ اور بریتھویٹ انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 144 قیمتی رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، بریتھویٹ 95 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے لیکن شے ہوپ ایک اینڈ پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح میزبان بائولرز کے سامنے کھڑے رہے، انہوں نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ناقابل شکست 118 رنز بنا کر انگلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، شے ہوپ کو دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

منگل کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 5 رنز بغیر کسی نقصان اپنی دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 317 رنز درکار تھے، 46 کے سکور پر کالی آندھی کو پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا جب پاویل 23 رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند کا نشانہ بنے، کائل ہوپ بغیر کوئی رن بنائے رن آئوٹ ہوئے، 53 کے سکور پر دو وکٹیں کھونے کے بعد شے ہوپ نے بریتھویٹ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ میں 144 قیمتی رنز جوڑ کر نہ صرف ٹیم کو مشکلات سے نکالا بلکہ اسے جیت کے قریب پہنچا دیا، دونوں بلے بازوں کے سامنے انگلش بائولرز بالکل بے بس نظر آئے اور کسی کا حربہ بھی کام نہ آیا، یہ پارٹنرشپ انگلینڈ کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ 197 کے مجموعی سکور پر معین علی نے بریتھویٹ کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑ دی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، بریتھویٹ 95 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 246 کے سکور پر کالی آندھی کی چوتھی وکٹ گری جب روسٹن چیس 30 رنز بنا کر ووکس کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر بلیک ووڈ نے ہوپ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ میں 74 رنز جوڑ کر سکور 320 تک پہنچا دیا، بلیک ووڈ 41 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد شے ہوپ نے وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، شے ہوپ نے ڈٹ کر انگلش بائولرز کا مقابلہ کیا اور 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، معین علی نے دو جبکہ براڈ اور ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 29/08/2017 - 23:20:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :