آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق ڈھائی ارب ڈالر میں فروخت

سٹار انڈیا نے آئندہ پانچ برس کے لیے انڈین پریمیئر لیگ کے ٹی وی اور ڈیجیٹل نشریاتی حقوق 16 ہزار 347 کروڑ انڈین روپے یا دو ارب 55 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ رقم کے عوض حاصل کر لیے

منگل 5 ستمبر 2017 20:01

آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق ڈھائی ارب ڈالر میں فروخت
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2017ء) سٹار انڈیا نے آئندہ پانچ برس کے لیے انڈین پریمیئر لیگ کے ٹی وی اور ڈیجیٹل نشریاتی حقوق 16 ہزار 347 کروڑ انڈین روپے یا دو ارب 55 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ رقم کے عوض حاصل کر لیے ہیں۔پیر کو ہونے والی نیلامی میں سٹار انڈیا کی کامیاب بولی کرکٹ کی نشریات کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی تھی۔اس کامیابی کے نتیجے میں سٹار انڈیا اب 2018 سے 2022 تک آئی پی ایل کے میچ نشر کرے گا۔

سنہ 2008 میں سونی نے آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق دس برس کے لیے 8200 کروڑ انڈین روپے میں خریدے تھے اور آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق کے اس نئے معاہدے میں جہاں رقم گذشتہ معاہدے سے 158 فیصد زیادہ ہے وہیں مدت اس سے نصف ہے۔اس معاہدے کے نتیجے میں اب بی سی سی آئی کو نشریاتی حقوق کے معاملے میں آئی پی ایل کے میچوں سے انڈین کرکٹ ٹیم کے بین الاقوامی میچوں سے بھی کہیں زیادہ آمدن ہوگی۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت آئی پی ایل کے ہر میچ پر بی سی سی آئی قریبا 55 کروڑ روپے کمائے گا جبکہ قومی ٹیم کے ایک بین الاقوامی میچ کے نشریات پر اسے ابھی 43 کروڑ روپے ہی ملتے ہیں۔انڈیا کی قومی کرکٹ ٹیم کے میچوں کے نشریاتی حقوق بھی فی الوقت سٹار کے پاس ہی ہیں جو اس نے 2012 میں 2018 تک کے لیے 3851 کروڑ روپے میں خریدے تھے۔نشریاتی حقوق کی بولی میں کل 14 کمپنیوں نے حصہ لیا تھا جن میں سونی اور فیس بک بھی شامل تھیں۔سٹار انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو ادے شنکر نے کہا ہے کہ 'انڈین کرکٹ اور آئی پی ایک 2008 سے اب تک ڈرامائی طور پر تبدیل ہوئی ہے اور یہ بولی اس کی عکاس ہے۔'
وقت اشاعت : 05/09/2017 - 20:01:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :