ملک میں سکیورٹی بہتر ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلے بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں،

رواں سال کے آخر تک ٹاپ 15 میں جگہ بنا لوں گا، ٹینس سٹار اعصام الحق کا ’’اے پی پی‘‘ کو انٹر ویو

پیر 11 ستمبر 2017 12:16

ملک میں سکیورٹی بہتر ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلے بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستانی بین الاقوامی ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سکیورٹی بہتر ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلے بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں، ڈیوس کپ ٹائی کے علاوہ رواں سال کے آخر میں تین بین الاقوامی ٹینس کے مقابلوں کی میزبانی پاکستان کے لئے خوش آئند ہے ، تھائی لینڈ کی ٹیم بہترین کھلاڑیوںپر مشتمل ہے تاہم گراس کورٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ان کو شکست سے دو چار کرکے ٹائٹل جیت کر گروپ ٹو سے ون کے لئے کوالیفائی کریں گے، رواں سال مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں عالمی رینکنگ میں 28 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہوں ، امید رکھتاہوںکہ رواں سال کے آخر تک ٹاپ 15 میں جگہ بنا لوں گا۔

پیر کو ’’اے پی پی‘‘ کو انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے خلاف پہلا ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے کے لئے امریکا اوپن کھیلنے کے بعد اسلام آباد آیا ہوں اور یہاں پر قومی کھلاڑیوں کے ساتھ تربیت حاصل کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کے لئے گراس کورٹ تیار کیا ہے جو کہ ہمارے لئے سود مند ثابت ہو گا۔

گراس کورٹ پر عقیل خان اور میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تھائی لینڈ کی ٹیم میں جو کھلاڑی شامل ہیں وہ پورا سال بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ ان کے ساتھ ٹائی میں کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ گراس کورٹ کافائدہ اٹھاتے ہوئے تھائی لینڈ کی ٹیم کو ہرا کر ڈیوس کپ ٹائی گروپ ون کیلئے کوالیفائی کریں گے۔

اعصام الحق نے کہاکہ سال 2017ء کے شروع میں جب عالمی مقابلوں کا آغاز کیا تو عالمی رینکنگ میں 56ویں نمبر پر موجود تھاتاہم رواں سال 5 عالمی ٹینس کے مقابلوں میں ڈبل کا ٹائٹل جیت کر 28 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہوں۔ رواں سال کے آخر تک مزید 6 بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرنی ہے ، توقع رکھتے ہیں کہ رواں سال کے آخر تک عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر جگہ بنا لوں گا۔

ایک سوال کے جواب میںان کا کہنا تھاکہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے رواں سال کے آخر میں تین بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دینا پاکستان کے لئے خوش آئند ہے ،اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد زیادہ سے زیادہ عالمی کھلاڑی پاکستان کا رخ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عالمی مقابلوں کی بحالی کا آغاز ہو چکا ہے اور ملک میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائیں گے۔

ڈیوس کپ ٹائی پہلے سے پاکستان میں بحال ہو چکے ہیں ۔ دیگر ایونٹس کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا۔ اعصام الحق نے کہاکہ جب میں بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیتا ہوں تو وہاں پر مختلف ممالک کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان کھیلنے پر آمادہ کرتا ہوں اور انہیں یہ یقین دلاتاہوں کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور یہاں پر سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کہنا تھاکہ پاکستان میں کافی عرصہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا ، نئے ٹیلنٹ کے لئے پی ٹی ایف کو زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد کرے تاکہ ان میں سے مستقبل کے لئے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوںکو مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے ملک میں ٹینس کے فروغ اور بہتری کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ہے اور پاکستان میں عالمی مقابلوں کی بحالی میں بھی ان کا اہم کردار رہا ہے۔
وقت اشاعت : 11/09/2017 - 12:16:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :