جامعات کا کردار معاشرے کی کردار سازی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے ، حافظ حفیظ الرحمن

مستقبل بچوں سے وابستہ ہے ، اساتذہ تمام مکاتب فکر کے بچوں کو ایک نظر سے دیکھیں ،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

بدھ 13 ستمبر 2017 22:42

جامعات کا کردار معاشرے کی کردار سازی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے ، حافظ حفیظ الرحمن
گلگت بلتستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ جامعات کا کردار معاشرے کی کردار سازی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے تعلیمی اداروں اور گڈگورننس کے ذریعے مسلمانوں نے پوری دنیا میں حکمرانی کی ہے طاقت کے ذریعے سرحدوں کی حفاظت ،کردار اور معاشرے کی اصلاح کیلئے جامعات اور تعلیم لازمی ہے حصول علم کا مقصد صرف روزگار نہیں ہونا چاہئے حکومت گلگت بلتستان نے جامعات کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو حکومت کا تھنک ٹینک قرار دیا ہے تاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بحیثیت ادارہ ہماری رہنمائی کرے ۔

ریسرچ کے شعبے میں یونیورسٹیز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کوماضی میں مذہبی ایجنڈوں کا اکھاڑا بنایا گیا یہ ادارہ مختلف فسادات کی وجہ سے کئی عرصہ بند رہا اور ان فسادات کی وجہ سے شہر کا امن بھی خراب ہوتا رہا آج حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ کی کوششوں سے مثبت سمت پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ اساتذہ تمام مکاتب فکر کے بچوں کو ایک نظر سے دیکھیں کیوں کہ ہمارا مستقبل انہی بچوں سے وابستہ ہے ان کی اصلاح اور کردار سازی میں ادارے کا اہم کردار ہے ۔جامعات میں اضافہ ہوالیکن کردار سازی اور عمل پر توجہ نہیں ہوئی جس پر ہم نے توجہ دینا ہے۔ ہم نے قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان نے صوبے میں پہلی وومن یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں معاشرے کی کردار سازی میں جامعات کی اہمیت کے حوا لے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وقت اشاعت : 13/09/2017 - 22:42:46