سابق انگلش فٹبالر فرڈیننڈ کا پیشہ ور باکسر بننے کا اعلان

منگل 19 ستمبر 2017 21:59

سابق انگلش فٹبالر فرڈیننڈ کا پیشہ ور باکسر بننے کا اعلان
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء)سابق انگلش فٹبالر اور سابق کپتان ریو فرڈیننڈ نے پیشہ ور باکسر بننے کیلئے ٹریننگ شروع کردی ہے اور ٹائٹل بیلٹ جیتنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔38 سالہ سابق فٹبالر آن لائن بیٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں اور سابق ورلڈ باکسنگ کونسل کے سپر مڈل ویٹ چیمپیئن رچی وڈہال کے ساتھ ٹریننگ کریں گے۔2015 میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے والے فرڈیننڈ ٹریننگ کے آغاز اور ٹائٹل بیلٹ کے حصول کی جنگ سے قبل برٹش باکسنگ بورڈ آف کنٹرول لائسنس کیلئے کوالیفائی کرنے کی کوشش بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باکسنگ ذپن اور جسم کیلئے بہترین کھیل ہے، مجھے ہمیشہ سے ہی اس کھیل کا بہت شوق رہا ہے اور پیشہ ور باکسر بننا میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ہر کوئی پروفیشنل باکسر نہیں بن سکتا لیکن جیت کے جذبے اور بہترین ماہرین پر مبنی ٹیم کی بدولت کچھ بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ویسٹ ہیم، لیڈز، کیو پی آر اور بالخصوص مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے سابق مایہ ناز دفاعی کھلاڑی 81 مرتبہ انگلینڈ کی میزبانی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کی قیادت کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/09/2017 - 21:59:18