چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ایف آئی اے ٹیم کی ملاقات

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کیلیے پی سی بی سے ملوث کرکٹرز کا ریکارڈ طلب کر لیا کھلاڑیوں کے کنٹریکٹس اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے ساتھ موبائل فونز کا ریکارڈ بھی مانگ لیا، نجم سیٹھی نے دینے کی یقین دہانی کرادی پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں سے اپنے اور قریبی رشتہ داروں کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات ، 10سال کے دوران کیے گئے سفر کی معلومات بھی مانگ لی،کھلاڑیوں کے اعتراضات بھی سامنے آگئے

بدھ 20 ستمبر 2017 21:50

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ایف آئی اے ٹیم کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کیلیے پی سی بی سے ملوث کرکٹرز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ایف آئی اے کی ٹیم نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات کی اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث کھلاڑیوں کا ریکارڈ طلب کیا، کھلاڑیوں کے کنٹریکٹس اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے ساتھ موبائل فونز کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے، نجم سیٹھی نے ایف آئی اے حکام کو تمام معلومات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا، نجم سیٹھی نے حکام سے درخواست کی تھی کہ کرکٹرز کے خلاف پی سی بی کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تحقیقات کی جائیں، شرجیل خان اور اب خالد لطیف کے خلاف ٹریبیونل کا فیصلہ آ چکا ہے، پی سی بی کی جانب سے ریکارڈ ملنے کے بعد ایف آئی اے دوبارہ تحقیقات شروع کردے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کھلاڑیوں کی ذاتی زندگی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں سے اپنے اور قریبی رشتہ داروں کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ گزشتہ 10سال کے دوران کیے گئے سفر کی معلومات بھی مانگ لی ہیں ،میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے اس حکم پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سمیت ایک اور کھلاڑی نے سخت اعتراض اٹھاتے ہوئے معلومات دینے سے انکار کردیا ہے۔ ۔
وقت اشاعت : 20/09/2017 - 21:50:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :