آسٹریلیا کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز اپنے نام کرینگے، ہردیک پانڈیا

جمعہ 22 ستمبر 2017 11:12

آسٹریلیا کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز اپنے نام کرینگے، ہردیک پانڈیا
اندور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2017ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر ہردیک پانڈیا نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کو مسلسل تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کرینگے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آئندہ میچ میں بھی اپنی آل رائونڈ کارکردگی کے باعث اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مسلسل دو میچوں میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ (کل) اتوار کو اندور میں کھیلا جائیگا۔ میزبان ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم بھرپور فارم میں ہے اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ 28 ستمبر کو بنگلور جبکہ پانچواں اور آخری میچ یکم اکتوبر کو ناگپور میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/09/2017 - 11:12:37