ایشین انڈور گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب

ہمارے دروازے ہر گیم کے کھلاڑی کیلئے کھلے ہیں،ذوالفقاراحمد گھمن، میڈلز جیتنے والے قوم کے ہیرو ہیں‘ رکن قومی اسمبلی شازہ فاطمہ خواجہ

منگل 26 ستمبر 2017 21:10

ایشین انڈور گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ پانچویں ایشیئن انڈورمارشل آرٹس گیمز میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے دروازے کھلاڑیوں کیلئے کھلے ہیں اور ہمیشہ کھلے رہیں گے، 7میڈلز جیتنے والے جوجٹسو کے کھلاڑی مبارکباد اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں، جوجٹسو کے فروغ کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کی فنانس کمیٹی کی کنوینئر اور رکن قومی اسمبلی شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہی سب سے بڑا میڈل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ایشیئن گیمز میں میڈلز جیتنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پانچویں ایشیئن انڈورمارشل آرٹس گیمز میں 7 میڈلز جیتنے والے جوجٹسو کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی قیصر سندھو، پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے صدر خلیل احمد خان، جنرل سیکرٹری وقار الیاس خان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ اور ندیم بھٹی بھی موجود تھے، تقریب میں میڈلز جیتنے والے جوجٹسو کے کھلاڑیوں کوحوصلہ افزائی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے نقد انعامات دیئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ جوجٹسو کے کھلاڑیوں کی ماضی میں بھی بہترین کارکردگی رہی ہے، اب پانچویں ایشیئن انڈورمارشل آرٹس گیمز میں میڈلز جیت کر قوم کو تحفہ دیا ہے، جوجٹسو کے پاکستانی دستہ میں 13کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں سے 7نے میڈلز جیتے، یہ نوجوانوں کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر طرح کا تعاون اور سہولتیں فراہم کر رہا ہے ، ہمارے دروازے ہر گیم کے کھلاڑی کیلئے کھلے ہیں، جوجٹسو کے کھلاڑیوں نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔

رکن قومی اسمبلی شازہ فاطمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیم نے ایشیئن انڈور گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے میڈلز جیتے ہیں، ان کی فتح سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہوا ہے، مجھے اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ میڈلز جیتنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں، خواتین کو سپورٹس کی جانب زیادہ سے زیادہ آنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس پالیسی پر کام ہورہا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے۔

پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے صدر خلیل احمد خان نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور رکن قومی اسمبلی شازہ فاطمہ خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کے لئے سب سے بڑا ایوارڈ اس کی کارکردگی کو سراہا جانا ہوتا ہے، انشاء اللہ ہمارے کھلاڑی مستقبل میں بھی ملک کیلئے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
وقت اشاعت : 26/09/2017 - 21:10:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :