پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پاناما کے باکسر کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی

حریف پاناما کے باکسر کارلو س میلو کو پہلے ہی رائونڈ میںناک آئوٹ کر دیا،فلائی فیٹ کیٹگری کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز برقرار رکھا باکسر کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چمپئن بننے پر مرکوز ہیں ،موجودہ عالمی چمپئن جاپان کے ڈیاگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں‘پروموٹر

پیر 2 اکتوبر 2017 13:16

پاناما(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2017ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے پاناما میں ہونے والے باکسنگ مقابلے میں کارلوس میلیو کو چت کرتے ہوئے ورلڈ باکسنگ کونسل انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیت لی،پاکستانی باکسر نے پروفیشنل کیرئیر میں انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیتی جو ان کی آٹھویں فائٹ تھی ۔ محمد وسیم نے پاناما کے باکسر کو پہلے ہی رائونڈ میں نہ صرف ناک آئوٹ کیا بلکہ فلائی فیٹ کیٹگری کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔

ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت ہونے والی اس انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ میں محمد وسیم کے مدمقابل پاناما کے باکسر کارلوس میلو اپنی چوالیسویں فائٹ کھیل رہے تھے۔تاہم آٹھ رائونڈز پر مشتمل فائٹ کے پہلے ہی رائونڈ میں محمد وسیم نے اپنے مخالف باکسر کے مقابلے میں انتہائی پر اعتماد اور پرجوش دکھائی دیے جس کانتیجہ یہ نکلا کہ انہوں نے پہلے ہی رائونڈ میں کارلوس میلو کو ناک آئوٹ کردیا۔

(جاری ہے)

اس طرح محمد وسیم نے نہ صرف رینکنگ فائٹ جیت لی بلکہ انہوں نے فلائی ویٹ کیٹگری کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا اور وہ اب تک اپنی ان تمام فائٹس میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ورلڈ باکسنگ کونسل کی عالمی رینکنگ میں محمد وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلے، میکسیکو کے باکسر فرانسسکو روڈریگوئز جونیئر دوسرے اور برطانوی باکسر اینڈریو سیلبی تیسرے نمبر پر ہیں۔

محمد وسیم یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی باکسر ہیں۔ خیال رہے کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکہ کے شہر لاس ویگس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں اور فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کیٹرینر ہیں۔محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا تھا کہ باکسر کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چمپئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چمپئن جاپان کے ڈیاگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 02/10/2017 - 13:16:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :