پاکستان کی دوست کوہ پیما برطانوی و امریکی نژاد نیسا اوبرائن کے اعزا ز میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام تقریب

پاکستان کی پرستار ہوں‘ پاکستان خوبصورت ملک اور وہ ثقافتی ورثے سے بھرپور ہے‘لوگ مہمان نواز ہیں ‘ پاکستان میں بڑی تعداد میں زبردست قسم کے پہاڑ ہیں ‘ خودکو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مہم کے دوران مجھے عظیم ملک اوراس کے لوگوں کو قریب سے دیکھنے اور جاننے کا موقع ملا‘ونیسیا اوبرائن اوبرائن نے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کو اپنے دستخطوں والا پاکستانی پرم بھی پیش کیا

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 12:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اکتوبر2017ء) پاکستان کی دوست اور معروف کوہ پیما برطانوی و امریکی نژاد ونیسیا اوبرائن کے اعزا ز میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اوبرائن و ہ پہلی برطانوی امریکی نژاد خاتون ہیں جنہیں پاکستان میں موجود دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب میں اوبرائن نے کہا کہ وہ پاکستان کی پرستار ہیں۔ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور وہ ثقافتی ورثے سے بھرپور ہے ۔ پاکستان کے لوگ مہمان نواز ہیں ۔ پاکستان میں بڑی تعداد میں زبردست قسم کے پہاڑ ہیں میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مہم کے دوران مجھے عظیم ملک اوراس کے لوگوں کو قریب سے دیکھنے اور جاننے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

تقریب سے اپنے خطاب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے ونیسیا اوبرائن کے پاکستان کے بارے میں گرمجوش احساسا ت اور خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کہانی اور شخصیت ہم سب لوگوں کیلئے متاثر کن ہے۔ پاکستانی سفیر نے گزشتہ 5 سالوں میں کے ٹو سر کرنے کی مہم کے دوران اوبرائن کے عزم ‘ صبر اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ وہ پاکستان کی اچھی دوست ہیں اس پر بھی ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق ونیسیا اوبرائن کو پاکستان کے ساتھ دوستی کا اعتراف میں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی تھی جس دوران انہیں سفارتخانے کے عملے سے بھی ملاقات کرائی گئی۔ اوبرائن نے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کو اپنے دستخطوں والا پاکستانی پرم بھی پیش کیا جس پر ’’کے ٹو سے پاکستان تک محبت کے ساتھ‘‘ کا پیغام بھی درج تھا۔ …
وقت اشاعت : 07/10/2017 - 12:57:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :