ارجنٹائن، پرتگال، فرانس، یوروگوئے اور کولمبیا نے 2018ء فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا، امریکہ، ہالینڈ اور چلی دوڑ سے باہر

بدھ 11 اکتوبر 2017 15:26

بیونس آئرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) ارجنٹائن، پرتگال، فرانس، یوروگوئے اور کولمبیا کی ٹیموں نے آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا، ہالینڈ اور امریکہ کی ٹیمیں میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کی دوڑ سے باہر ہو گئیں، امریکن ٹیم 31 برس بعد میگا ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکے گی، اس نے آخری بار 1986ء میں منعقدہ ورلڈ کپ مس کیا تھا۔

ورلڈ کپ 2018ء کے سلسلے میں کھیلے گئے کوالیفائنگ میچز میں لائنل میسی کی شاندار ہیٹرک کی بدولت ارجنٹائن نے ایکواڈور کو 3-1 گولز سے ہرا کر ورلڈ کپ فائنلز میں جگہ بنا لی، اس کے ساتھ ہی ارجنٹائن کا 1970ء کے بعد میگا ایونٹ مس کرنے کا خطرہ بھی ٹل گیا، ارجنٹائنی ٹیم 2014ء میں منعقدہ ایونٹ میں رنر اپ رہی تھی، برازیل نے چلی کو 3-0 گولز سے ہرایا اور اس کے ساتھ ہی گزشتہ دو مرتبہ کوپا امریکہ ٹائٹلز جیتنے والی چلی کی ٹیم میگا ایونٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی، یوروگوئے نے بولیویا کو شکست دے کر اور کولمبیا نے پیرو کے خلاف ڈرا میچ کھیل کر میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کی، پیرو کی ٹیم میگا ایونٹ میں براہ راست رسائی کیلئے اب پلے آف میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گی، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو نے امریکہ کو 2-1 گولز سے ہرایا، شکست کے ساتھ ہی امریکہ کی میگا ایونٹ میں رسائی کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں، پرتگال نے سوئٹزرلینڈ اور فرانس نے بیلاروس کو شکست فاش سے دوچار کر کے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

ہالینڈ کی ٹیم سویڈن کے خلاف فتح کے باوجود ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔
وقت اشاعت : 11/10/2017 - 15:26:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :