2018ء فیفا ورلڈ کپ رسائی میں ناکامی، ہالینڈ ٹیم کے قائد ارجن روبن کا انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بدھ 11 اکتوبر 2017 15:26

ایمسٹرڈیم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) ہالینڈ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز فٹ بالر ارجن روبن نے ٹیم کی آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ تک رسائی میں ناکامی کے فوراً بعد انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ہالینڈ نے آخری میچ میں سویڈن کو شکست دی تاہم اس کے باوجود وہ پلے آف میں جگہ نہ بنا سکی۔

(جاری ہے)

ارجن روبن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ ٹیم کی قیادت میرے لئے باعث اعزاز ہے، کیریئر کے دوران ساتھی کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور ہالینڈ فٹ بال ایسوسی ایشن کے حکام کے تعاون پر ان کا مشکور ہوں اور میں ان لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جگہ نہ بنانے پر سخت مایوسی ہوئی، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میرے لئے آسان نہیں ہے لیکن اب میں 33 برس کا ہو چکا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ وقت آ گیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے جگہ خالی کی جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے ٹیم کی نمائندگی کر سکیں، اب میں اپنی تمام تر توجہ کلب پر مرکوز رکھوں گا۔ روبن نے 2003ء میں ہالینڈ کی طرف سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور انہوں نے 96 میچز میں 37 گولز کئے، وہ ہالینڈ کی طرف سے زیادہ گولز کرنے والے مشترکہ طور پر چوتھے کھلاڑی ہیں۔
وقت اشاعت : 11/10/2017 - 15:26:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :