دسواں ایشیا ہاکی کپ شروع، ابو محمود کی شاندار ہیٹرک کی بدولت پاکستان کا بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0 گولز سے ہرا کر جاندار آغاز، محمود کی شاندار ہیٹرک، عماد شکیل بٹ اور ارسلان قادر نے 2، 2 گولز کئے

بدھ 11 اکتوبر 2017 19:48

دسواں ایشیا ہاکی کپ شروع، ابو محمود کی شاندار ہیٹرک کی بدولت پاکستان کا بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0 گولز سے ہرا کر جاندار آغاز، محمود کی شاندار ہیٹرک، عماد شکیل بٹ اور ارسلان قادر نے 2، 2 گولز کئے
ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) ابو محمود کی شاندار ہیٹرک کی بدولت پاکستان نے میزبان بنگلہ دیش کو ابتدائی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0 گولز کے واضح مارجن سے شکست دے کر دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں جاندار آغاز کیا، ابو محمود نے 3 جبکہ عماد شکیل بٹ اور ارسلان قادر نے 2، 2 گولز کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

بدھ کو بنگلہ دیش میں ایشیا کپ کا آغاز ہو گیا، ابتدائی روز گروپ اے کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو با آسانی 7-0 گولز کے بھاری مارجن سے ہرا کر ایونٹ میں جاندار انٹری کی، ابو محمود نے شاندار ہیٹرک سکور کی، ابو محمود نے میچ کے 18ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے گرین شرٹس کو بنگلہ دیش کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلائی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے تیسرے ہی منٹ میں پاکستان کے عماد شکیل بٹ نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، اسی منٹ میں پاکستان کے محمد ارسلان قادر نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری 3-0 کر دی، 41ویں منٹ میں ابو محمود نے میچ میں پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کر کے ٹیم کا سکور 4-0 کر دیا اور بنگلہ دیش کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، 47ویں منٹ میں عماد شکیل بٹ نے فیلڈ گول کر کے میچ میں اپنا دوسرا گول کر کے سکور 5-0 کر دیا، تین منٹس بعد ہی ابو محمود نے شاندار ہیٹرک کر کے گرین شرٹس کی برتری 6-0 گولز کر دی، میچ کے آخری منٹ میں محمد ارسلان قادر نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 7-0 کر دیا جبکہ میزبان ٹیم ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

بھارت نے جاپان کو 5-1 گولز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ جمعہ کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 11/10/2017 - 19:48:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :