آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو مثال بناتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کو دی جانے والی مراعات میں اضافہ کرنا چاہیے ،ْ بین الاقوامی کرکٹ کونسل

رواں ہفتے آکلینڈ میں منعقد ہونے والی آئی سی سی کی ایک میٹنگ میں اس حوالے سے بحث کی جائے گی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 12:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی اعلیٰ عہدیدار کلیئر کونر نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو مثال بناتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کو دی جانے والی مراعات میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ وہ مالی مشکلات کے باعث کرکٹ کو خیرباد کہنا چھوڑ دیں۔غیر ملکی میڈیا نے سابق انگلش خاتون کپتان کلیئر کونر کے حوالے سے بتایا کہ کرکٹ کے کھیل میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے تاکہ وہ مالی مشکلات کی وجہ سے اس کھیل سے کنارہ کش نہ ہوں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی خواتین کھلاڑیوں کی کمیٹی کی سربراہ کونر کے مطابق اس تناظر میں آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو مثال بنانا چاہیے۔حال ہی میں آسٹریلیا میں خواتین کرکٹرز کی تنخواہوں میں ڈرامائی طور پر آٹھ گنا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی ان کو ملنے والی دیگر مراعات میں بھی بہتری پیدا کی گئی۔

(جاری ہے)

کونر کے مطابق ہمیں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے کہ خواتین کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اگر ہم ان کھلاڑیوں کا خیال نہیں کریں گے تو وہ کرکٹ سے الگ ہو کر دیگر کھیلوں کی طرف راغب ہوں گی یا ملازمتوں کے دیگر مواقع ڈھونڈیں گی۔ میرے خیال میں یہ پیش رفت ایک سانحہ ہو گی۔اس مرتبہ خواتین کا عالمی کپ انگلش ٹیم نے جیتا تھا اور اس ٹورنامنٹ کی کامیابی کو خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا کیونکہ نہ صرف اسٹیڈیمز میں شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود رہی بلکہ ٹیلی وڑن پر بھی اسپانسرز کی دلچسپی قابل ستائش رہی ،ْاس تناظر میں بحث جاری ہے کہ خواتین کی کرکٹ سے ہونے والی عالمی کمائی سے کھلاڑیوں کو کیا حصہ مل رہا ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے بعد دنیا کے امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی کہا ہے کہ وہ خواتین کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ کرے گا۔ تاہم اس حوالے سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان کونر کے مطابق اس کھیل میں مردوں کو زیادہ مراعات دی جاتی ہیں جبکہ خواتین پر توجہ نہیں دی جا رہی۔انہوں نے البتہ کہا کہ رواں ہفتے آکلینڈ میں منعقد ہونے والی آئی سی سی کی ایک میٹنگ میں اس حوالے سے بحث کی جائے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خواتین کرکٹرز کے لیے ایک اچھی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 13/10/2017 - 12:35:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :