پی ایس ایل کے 4 میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ

کراچی پرامن شہر ہے یہاں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے، مراد علی شاہ کراچی میں سیکورٹی معاملات پرسندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں سے بات کریں گے، سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے،نجم سیٹھی

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) فروری 2018 میں پی ایس ایل کے 4 میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بدھ کوچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ ہائوس میںوزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلی سندھ نے کہاکہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے، کراچی پرامن شہر ہے اور کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ دیکھیں، نیشنل اسٹیڈیم کو بحال کرنے کے لئے کام کررہے ہیں جب کہ اگر آپ چاہیں گے توائرپورٹ سے ٹیم کے ہمراہ ہوٹل تک میں خود آئوں گا۔

مراد علی شاہ نے نجم سیٹھی کوسیکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں اورجوسیکورٹی کے معیارآپ کے ہیں سندھ حکومت اس قسم کی سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعلیٰ ہائوس کے مطابق فروری 2018 میں پی ایس ایل کے 4 میچزکراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلی نے پی سی بی کے سیکیورٹی انچارج اورآئی جی سندھ کی ملاقات طے کروادی ہے جس کے بعد سیکیورٹی انچارج کرنل اعظم کی آئی جی پولیس سے ملاقات ہوگی۔

اس سے قبل کراچی ائیرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی میں بھی انٹرنیشنل مقابلوں کے خواہاں ہیں ، کراچی میں سیکورٹی معاملات پرسندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں سے بات کریں گے، سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، پاک ، لنکا ٹی ٹوئنٹی میچ والے دن ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس بھی ہوگا اور ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارت شرکت نہیں کرے گا۔
وقت اشاعت : 18/10/2017 - 14:18:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :