پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوششوں پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، عامر الیاس

جمعرات 19 اکتوبر 2017 13:39

لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے دن رات گراں قدر کوششیں کرنے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی اور دیگر عہدیداران کو جتنا بھی خراجِ تحسین پیش کیا جائے کم ہے، پہلے ورلڈ الیون کا کامیاب دورہ منعقد کروایا اور اب سری لنکن ٹیم لاہور میں میچ کھیلے گی، ان کے اس شاندار اقدام سے دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کے حوالے سے امن کا پیغام گیا ہے اور پر امن کرکٹ مقابلوں کے انعقاد نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور یہاں کے لوگ کھیلوں اور کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سی ای او عامر کیبلز سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ / چیف سلیکٹر ایل آر سی اے کرکٹ پرموٹر عامر الیاس بٹ نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے پہلے چیمپئن ٹرافی پھر ورلڈ الیون اور اب سری لنکن ٹیم کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر اور سیریز جیت کر ثابت کر دیا ہے کہ ہماری ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم کہلانے کی حقدارہے جو کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام الحق کی صورت میں پاکستان کو ایک اچھا اوپنر مل گیا ہے جنہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بناکر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ ان کامیابیوں پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی، چیف کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق، کپتان سرفراز احمد اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملکوں کی ٹیموں کو پاکستان کے دور ے کرنے چاہئیں تاکہ پاکستان میں کرکٹ کا کھیل بحال ہو اور گرائونڈ آباد رہیں۔ انہوں نے کہا ہم بغیر کسی لالچ کے ویٹرنز کرکٹ اور کلب کرکٹ کے ذریعے اس کھیل اور کھلاڑیوں کی خدمت کر رہے ہیں تاکہ اس کھیل سے منسلک لوگوں کو مالی فائدے پہنچا سکیں اور کرکٹ کا کھیل پروان چڑھے۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 13:39:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :