محمد حفیظ کو ون ڈے کیریئر میں 6 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 50 رنز کی ضرورت

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:11

شارجہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستانی ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کے 6 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 50 رنز درکار ہیں، توقع ہے کہ وہ (آج) جمعہ کو سری لنکا کے خلاف شیڈول چوتھے ایک روزہ میچ میں یہ اعزاز حاصل کر لیں گے، اگر حفیظ کامیاب ہوئے تو وہ 6 ہزار رنز مکمل کرنے والے دسویں پاکستانی بلے باز بن جائیں گے، حفیظ نے اب تک 193 میچز میں 5950 رنز بنا رکھے ہیں، پاکستان کی طرف سے انضمام الحق 11701 رنز بنا کر سرفہرست ہیں، محمد یوسف 9554 رنز کے ساتھ دوسرے، سعید انور 8824 رنز کے ساتھ تیسرے، شاہد آفریدی 8027 رنز کے ساتھ چوتھے، جاوید میانداد 7381 رنز بنا کر پانچویں، یونس خان 7249 رنز کے ساتھ چھٹے، سلیم ملک 7170 رنز کے ساتھ ساتویں، شعیب ملک 6857 رنز کے ساتھ آٹھویں اور اعجاز احمد 6564 رنز کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 19/10/2017 - 17:11:31