جوہانا کونتا نے کوچ وم فیسٹ سے رائیں جدا کر لیں، فٹنس مسائل کے باعث رواں سیزن کے بقیہ ایونٹس سے بھی باہر ہو گئیں

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:11

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) برطانیہ کی سٹار کھلاڑی جوہانا کونتا نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں اپنے کوچ وم فیسٹ سے رائیں جدا کر لیں، انجری مسائل کے باعث رواں سیزن میں شیڈول بقیہ ٹینس ٹورنامنٹس بھی نہیں کھیلیں گی۔

(جاری ہے)

26 سالہ برطانوی کھلاڑی کونتا سیزن کے اختتامی ٹینس ٹورنامنٹ ڈبلیو ٹی اے فائنلز تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں، ایونٹ کے ایک ہفتے بعد شیڈول ڈبلیو ٹی اے ایلیٹ ٹرافی میں بھی حصہ نہیں لیں گی۔

اپنے ایک بیان میں جوہانا کونتا نے کہا کہ میں نے اور کوچ وم فیسٹ نے باہمی مشاورت سے معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا، وم سے بہت کچھ سیکھنے کو موقع ملا جو مستقبل میں میرے کام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائوں کی انجری میں بتدریج بہتری آ رہی ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ رواں سیزن بقیہ ایونٹس میں حصہ نہ لینا میرے لئے فائدہ مند رہے گا اسلئے میں نے سیزن سے دستبرداری اختیار کی ہے۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 17:11:38