ْسیکرٹری وزارتِ انسداد منشیات کا اے این ایف ہیڈکوارٹر کا دورہ، اعلی افسران نے استقبال کیا

منشیات سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کی جانیوالی کاوشوں ، پیشہ ورانہ کامیابیوں،منشیات کی موجودہ صورتحال،منشیات سمگلنگ کے سلسلے میں درپیش مسائل اور نشہ آور ادویات وممنوعہ کیمیائی موادکی سمگلنگ سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 17:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) سیکرٹری وزارتِ انسداد منشیات اقبال محمود نے اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔ سیکرٹری وزارت انسداد منشیات کاعہدہ سنبھالنے کے بعد اے این ایف ہیڈکوارٹر کا پہلا دورہ تھا۔ ان کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری) اور اے این ایف کے اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔

سیکرٹری وزارتِ انسدادِ منشیات کو اے این ایف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، جس میں اے این ایف کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کی جانے والی کاوشیں، پیشہ ورانہ کامیابیاں،منشیات کی موجودہ صورتحال،منشیات کی اسمگلنگ کے سلسلے میں درپیش مسائل اور نشہ آور ادویات وممنوعہ کیمیائی موادکی اسمگلنگ سے متعلق امور شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہیں بتایا گیا کہ اے این ایف منشیات کے عادی افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے بحالی مراکز چلانے کے علاوہ منشیات کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے آگاہی سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہو ئے ہے ۔

سیکرٹری کوبتایاگیاکہ سال 2017کے دوران اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ کے 944مقدمات درج کئے، منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 1067ملزمان کو گرفتار کیا،جبکہ 97693 کلوگرام چرس، 31803کلوگرام افیون، 26664 کلوگرام ہیروئن ، 368 کلوگرام کوکین، 1896 کلوگرام مصنوعی طریقہ سے تیار کی گئی منشیات ،89 کلوگرام نشہ آور ادویات اور56007 کلو گرام ممنوعہ کیمیائی موادبرآمدکیا۔

مزیدبرآں رواں سال کے دوران اے این ایف کی جانب سے منشیات کی طلب میں کمی لانے کی غرض سے ملک بھر میں 230 آگاہی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں ،جبکہ اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ میں واقع منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے مراکز میں 573 افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔علاوہ ازیں، سیکرٹری کو کراچی میں منشیات کی عادی خواتین وبچوں کے علاج و بحالی کی غرض سے تعمیر شدہ خصوصی وارڈ، پشاور میںصوبائی حکومت کی معاونت سے تعمیرشدہ منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے مرکزاورسکھر میں منشیات کے عادی افرادکی بحالی کی غرض سے قائم کئے جانے والے مرکز کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

سیکرٹری وزارتِ انسدادِ منشیات کو محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات بشمول افرادی قوت میں اضافے ، تنظیمی ڈھانچے میں بہتری،تھانوں کی تعداد میں اضافے ،جدید ترین ٹیکنالوجی کے حصول اور منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے نئے مراکزکے قیام کے بارے میں میں بھی آگاہ کیا گیا ۔سیکرٹری وزارتِ انسدادِ منشیات نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ کامیابیوںاورقومی و علاقائی و عالمی سطح پر منشیات کی روک تھام کے لئے اے این ایف کے بھرپورکردار کو سراہا۔انہوں نے منشیات کیخلاف موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پوراکرنے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
وقت اشاعت : 19/10/2017 - 17:12:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :