دو چینی کرکٹرز پی ایس ایل 3 کےلئے پشاور زلمی سکواڈ کے ہمراہ ہونگے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 14:18

دو چینی کرکٹرز پی ایس ایل 3 کےلئے پشاور زلمی سکواڈ کے ہمراہ ہونگے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20اکتوبر۔2017ئ) پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند دوستی کے عظیم رشتے کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان سپر لیگ چیمپئنز پشاور زلمی نے چین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل تھری کے لیے اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا اعلان کردیا ۔اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے میں اس حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ ، چینی کرکٹ ٹیم کے کوچ یی تیان، چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے خصوصی شرکت کی جن کا پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے پرتپاک مقدم کیا ۔

چیئرمین پشاور زلمی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان کی ٹٰیم اور کوچز چین میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔پہلے قدم کے طور پر چین کے دو انٹرنیشنل کرکٹرز کو پی ایس 3 کےلئے پشاور زلمی کے سکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پاکستان کے سٹار کرکٹرز سے کرکٹ کے جوہر سیکھیں گے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پشاور زلمی چینی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر چین میں کرکٹ سیمینار کرے گا جس میں پشاور زلمی کے کوچز لیکچرز دیں گے جب کہ گلوبل زلمی اور زلمی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں کو چین کا دورہ کرایا جائے گا اور مقامی ٹیموں سے فرینڈلی میچز کھیلے جائیں گے اور چینی کرکٹرز کو پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کرکٹرز کے ساتھ سیکھنے اور وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا ۔

پشاور زلمی اور چین کرکٹ ایسوسی ایشن مستقبل میں ایم و یو سائن کرکے باہمی دوستی اور اشتراک کے جذبے کو مزید پروان چڑھائیں گے۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ عظیم دوست ملک چین کےساتھ کھیلوں کے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے اور کرکٹ کا کھیل اور پشاور زلمی اپنا کرداد ادا کرنے پر خوشی محسوس کررہے ہیں۔

چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ نے کہا کہ پشاور زلمی کا گوبل ویزن اور چین میں کرکٹ کے فروغ کےلئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔چینی کوچ تیان نے کہا کہ پی ایس ایل جیسے بڑے ٹورنامنٹ سے انکے کرکٹرز کو سیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔ چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کےساتھ رہنے کے اعلان پربہت پرجوش ہیں اور پی ایس ایل چیمپئن ٹیم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ تقریب میں معزز مہمانوں کو پشاور زلمی کی شرٹس بھی پیش کی گئیں .اس موقع پر چین کے کوچ راشدخان پشاور زلمی کے کوچ محمد اکرم، شاہ فیصل آفریدی اور شاہ خالد آفریدی بھی موجود تھے ۔
دو چینی کرکٹرز پی ایس ایل 3 کےلئے پشاور زلمی سکواڈ کے ہمراہ ہونگے
وقت اشاعت : 20/10/2017 - 14:18:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :