پشاور ہاکی فائیو سپر لیگ ٹورنامنٹ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورمیں شروع ہوگئی

لیگ میں 13 ٹیمیں تین مختلف کیٹگریز میں شرکت کررہی ہیں ، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے افتتاح کیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:46

پشاور ہاکی فائیو سپر لیگ ٹورنامنٹ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورمیں شروع ہوگئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) پشاورہاکی فائیو سپر لیگ ٹورنامنٹ قیوم سپورٹس کمپلیکس لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورمیں شروع ہوگیا جس میں پشاور ڈسٹرکٹ کے تیرہ ٹیمیں تین مختلف کیٹگریز میں شرکت کررہی ہیں ، چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے کیا ان کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سابق آئی جی سعید خان ، خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید ظاہر شاہ ، پشاور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہدایت الله، انٹر نیشنل کھلاڑی وکوچز یاسر اسلام ، حمزہ ، ضیاء الرحمان بنوری سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

افتتاحی میچ سینئر کیٹگری میں پشاور بلیو نے پشاور گرین کو تین کے مقابلے چھ گول سے شکست دی ، بلیو کی طرف سے ضیاء الرحمان ، قیصر نے دو دو جبکہ سلمان اور احسان نے ایک ایک گولیا، پشاور گرین کی طرف سے عمیر مروت، جہانزیب اور بلال نے ایک گول کیا۔

(جاری ہے)

دوسرا میچ جو نیئر کیٹگری میں پشاور کوبرا اور ٹائیگرز کے مابین کھیلاگیا جس میں کوبرا نے پانچ سات سے کامیابی اپنے نام کی۔

کوبرا کی طرف سے دانیال نے تین ، ذیشان اور عباس نے دو دو گول کئے جبکہ ٹائیگرز کی طرف سے گوہر نے دو ، زید ،احسن اور زاہد نے ایک ایک گول کیا۔اسی طرح انڈر16 میں سول کواٹر کلب نے قصہ خوانی کو گیارہ نو سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی ، سول کواٹر کی طرف سے اسماعیل نے تین ، امیر حمزہ اور سجاد اور جواد اور احد نے دو دو گول کئے جبکہ قصہ خوانی کی طرف سے صدام نے تین سمیر ، ہلال اور احد نے دو دو گول کئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہاکی کھیل کے فروغ اورترقی کیلئے تمام ڈویژن میں نئے اسٹرو ٹرف بچھانے اور اسٹیڈیمز کی تزئین وآرائش کا م جاری ہے اور انشاء الله دسمبر 2017 تک تمام صوبے میں ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے گرائونڈ نہ صرف مکمل ہوجائینگے بلکہ کھلاڑیوں کو جدید طرز کا سامان اور دیگر سہولیات بھی مہیا کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا صوبے میں کھیلوں کے فروغ وترقی میں اہم رول ادا کررہی ہے ۔صوبے میں اب تک 80 گرائونڈمکمل ہوچکے ہیں جو کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے حوالے ہوچکے ہیں اورمزید پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ ، خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کی سیکرٹری جنرل سید ظاہر شاہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں تین مختلف کیٹگریز جن میں انڈر16 ، جونیئر ، اور سینئر کیٹگریز کی ٹیمیں شامل ہیں ، انڈر 16 میں بھانہ ماڑی ، سول کواٹر ، حیات آباد اور قصہ خوانی کلب ، جونیئر کیٹگری میں ٹائیگرز ، لائنز، کوبرا اور ایگلز کی ٹیمیں جبکہ سینئر میں پشاور بلیو ، پشاور گرین ، پشاور وائٹ ، پشاور ریڈ اور پشاور یلو کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ ٹورنامنٹ لیگ کی بنیاد ایک ہفتے تک جاری رہیگا۔
وقت اشاعت : 20/10/2017 - 17:46:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :