پشاور زلمی کا پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں 2 چینی کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان

چین کے ساتھ کھیلوں کے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے، پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی پشاور زلمی کا گوبل ویژن اور چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں، سابق چینی سفیر چن زیانگ زنگ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 17:46

پشاور زلمی کا پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں 2 چینی کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں 2 چینی کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے میں اس حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں تعینات چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ، چین کرکٹ ٹیم کے کوچ یی تیان، چین کے کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے خصوصی طور پر شرکت کی، جن کا پشاور زلمی زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔

چیئرمین پشاور زلمی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان کی ٹیم اور کوچز چین میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے، پہلے قدم کے طور پر چین کے دو انٹرنیشنل کرکٹرز کو پی ایس ایل تھری کے لیے پشاور زلمی کے اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پاکستان کے اسٹار کرکٹرز سے کرکٹ کے جوہر سیکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چین کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر دیگر پروگراموں پر بھی کام کیا جائے گا، جن کی تفصیلات کچھ یوں ہیں، چین میں کرکٹ سیمینار کا انعقاد، جس میں پشاور زلمی کے کوچز لیکچرز دیں گے۔

گلوبل زلمی اور زلمی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں کا چین کا دورہ اور چین کی ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچز کا انعقاد، چینی کرکٹرز کو پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کرکٹرز کے ساتھ سیکھنے اور وقت گزارنے کا موقع شامل ہیں۔پشاور زلمی اور چین کرکٹ ایسوسی ایشن مستقبل میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کرکے باہمی دوستی اور اشتراک کے جذبے کو مزید پروان چڑھائیں گے۔

اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ عظیم دوست ملک چین کے ساتھ کھیلوں کے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے۔دوسری جانب چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ نے کہا کہ پشاور زلمی کا گوبل ویژن اور چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔چینی کوچ یی تیان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل جیسے بڑے ٹورنامنٹ سے ان کے کرکٹرز کو سیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا جبکہ چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کے ساتھ رہنے کے اعلان پر بہت پرجوش ہیں اور پی ایس ایل چیمپیئن ٹیم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

تقریب میں معزز مہمانوں کو پشاور زلمی کی شرٹس بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر چین کے کوچ راشد خان، پشاور زلمی کے کوچ محمد اکرم، شاہ فیصل آفریدی اور شاہ خالد آفریدی بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 20/10/2017 - 17:46:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :