سٹے بازوں کا قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی سے رابطہ کر کے سپاٹ فکسنگ کی پیشکش

کھلاڑی نے سٹے بازوں کے رابطے بارے فوری طور پر ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ کو آگاہ کر دیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 21:59

سٹے بازوں کا قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی سے رابطہ کر کے سپاٹ فکسنگ کی پیشکش
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک انتہائی اہم کھلاڑی سے سری لنکا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے دوران مبینہ طور پر سٹے بازوں نے رابطہ کرکے سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی ہے،کھلاڑی نے سٹے بازوں کی جانب سے رابطے کی اطلاع فوری طور پر ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو دیدی تھی۔

(جاری ہے)

بی بی سی کے مطابق ذرائع نے استفسار پر اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ کھلاڑی سے ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے موقع پر ایک مشکوک شخص نے رابطہ کیا تھا لیکن اس کھلاڑی نے اس رابطے کی فوری رپورٹ کر دی تھی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس شخص نے کرکٹر سے رابطہ کیا ہے وہ متحدہ عرب امارات کا مقامی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران سپاٹ فکسنگ سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سکیورٹی افسر کرنل خالد موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 20/10/2017 - 21:59:47