انگلینڈ اور مالی کی ٹیمیں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، امریکہ اور گھانا کو شکست

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 21:59

انگلینڈ اور مالی کی ٹیمیں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، امریکہ اور گھانا کو شکست
کوچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) انگلینڈ اور مالی کی ٹیمیں فتوحات برقرار رکھتے ہوئے فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، امریکہ اور گھانا کی ٹیمیں کوارٹر فائنلز میں شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔

(جاری ہے)

بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں مالی کی انڈر 17 ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گھانا انڈر 17 ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، ڈریم نے 15 ویں منٹ میں گول کر کے مالی کو گھانا کے خلاف برتری دلائی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 61 ویں منٹ میں مالی کے ترورے نے گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، 70 ویں منٹ میں گھانا کے محمد قدوس نے گول کر کے مقابلہ 2-1 گول کر دیا، اس کے بعد گھانا نے حریف ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم مالی نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا، دوسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ انڈر 17 ٹیم نے امریکہ انڈر 17 کو 4-1 گولز سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، بریوسٹر نے شاندار ہیٹرک کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، مورگن نے ایک گول کیا، امریکہ کی طرف سے واحد گول جوشوا نے کیا۔

وقت اشاعت : 21/10/2017 - 21:59:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :