سپورٹس بورڈ پنجاب کی 9ویں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا شیخوپورہ میں افتتاح

کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے 2 ماہر کوچز تعینات کئے ہیں،کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، خود اکیڈمی کی نگرانی کرونگا، ظہیر عباس

منگل 14 نومبر 2017 20:20

سپورٹس بورڈ پنجاب کی 9ویں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا شیخوپورہ میں افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2017ء) ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب کی 9ویں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا شیخوپورہ میں افتتاح کیا، شیخوپورہ سٹیڈیم میں اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ کرکٹ نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے، چھوٹے شہروں کے باصلاحیت نوجوانوں کی تربیت کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق شیخوپورہ میں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی قائم کی گئی ہے، جس میں تمام جدید سہولتیں بھی میسر ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے 2 ماہر کوچز تعینات کئے گئے ہیں جو کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، میں خود بھی اکیڈمی کی نگرانی کروں گا تاکہ باصلاحیت نوجوانو ں کو آگے لایا جاسکے، ظہیر عباس نے کہا کہ کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کے قیام میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان اہم کردار ادا کررہے ہیں، کوچنگ اکیڈمیز کا دائرہ کار پورے پنجاب میں پھیلایا جارہا ہے تاکہ کوئی باصلاحیت نوجوان پیچھے نہ رہ جائے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے بوائز کی 6اور گرلز کی 3کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کردی ہیں جس میں نئے کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں، ہم پُرامید ہیں کہ ان میں سے ہی کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مشتاق ٹوانہ، اسسٹنٹ کمشنر شبیر بٹ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لیاقت وٹو، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے زہرہ دستگیر، دیگر افسران اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 14/11/2017 - 20:20:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :