آسٹریلیا کا ایشز 2017ء کے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچز کیلئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان ، سابق کرکٹرز کی تنقید

․7 سال بعد وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین اسکواڈ میں شامل ،اوپننگ بلے باز میتھیو رینزہا کی جگہ 24 سالہ کیمرون بینکروفٹ کو شامل کیا گیا شان مارش نے ٹیم میں جگہ بنا لی ، آل رائونڈر گلین میکسویل کو ڈراپ کردیا گیا/ٹیم کا انتخاب بچکانہ ہے‘سابق آسٹریلوی بولر اسٹراٹ میکگل

جمعہ 17 نومبر 2017 15:48

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء)آسٹریلیا نے ایشز 2017ء کے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچز کے لئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس پر سابق کرکٹرز کی جانب سے حیرانی کے ساتھ ساتھ شدید تنقید کی جارہی ہے۔23نومبر کو برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے شروع ہونے والی سیریز کے لئے حیران کن طور پر 7 سال بعد وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں اوپننگ بلے باز میتھیو رینزہا کی جگہ 24 سالہ کیمرون بینکروفٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ 34 سالہ شان مارش نے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر کے ٹیم میں جگہ بنائی جس کے بعد آل رائونڈر گلین میکسویل کو ڈراپ کردیا گیا۔ایشز سیریز کے 5میں سے ابتدائی 2 میچز کے لئے منتخب کردہ کھلاڑیوں میں کپتان اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکروفٹ، جیکسن برڈ، عثمان خواجہ، پیٹ کمنس، پیٹر ہینڈکم، جوش ہیزلیوڈ، نیتھن لیون، شان مارش، ٹم پین، چڈ سیرز اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ابتدائی دو میچز کے لئے کھلاڑیوں کے انتخاب پر کرکٹ شائقین اور سابق کرکٹر کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ سابق آسٹریلوی بولر اسٹراٹ میکگل کا کہنا ہے کہ ٹیم کا انتخاب بچکانہ ہے۔اس کے ساتھ دیگر کرکٹرز کی جانب سے بھی تنقید کی جا رہی ہے۔
وقت اشاعت : 17/11/2017 - 15:48:00