بیٹے کی پی ایس ایل میں شمولیت میرٹ پر کی ،کسی مخصوص علاقے کے کھلاڑی لینا فرنچائز پر لاز م نہیں :معین خان

ہفتہ 18 نومبر 2017 12:24

بیٹے کی پی ایس ایل میں شمولیت میرٹ پر کی ،کسی مخصوص علاقے کے کھلاڑی لینا فرنچائز پر لاز م نہیں :معین خان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18نومبر2017ئ) سابق کپتان معین خان نے پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں اپنے بیٹے کی شمولیت پر ہونے والے تنقید کو بے بنیاد قرار دے دیا،کہتے ہیں کہ کسی مخصوص علاقے سے کھلاڑی لینا فرنچائز پر لازم نہیں ہے ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان میں نظر انداز کرکٹرز تلاش کرنے کے بعد ان کی گرومنگ کرے اور پرائیوٹ فرنچائزز کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جاناچاہیئے ۔

پی ایس ایل 3کے لیے ہونے والے ڈرافٹ میں بلوچستان کے کسی بھی کھلاڑی کو سلیکٹ نہ کیے جانے کے سوال پر معین خان کا کہنا تھا کہ لوگ اسے خوامخواہ میں سیاسی مسئلہ بنا رہے ہیں ،کوئی فرنچائز اس علاقے سے کھلاڑی چننے کے لیے قانونی طور پر پابند نہیں ہے جس سے اس کا الحاق ہوا ہو حالانکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کوئٹہ کے لیے کام کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے ،فرنچائزز کسی مخصوص ریجن سے کھلاڑیوں کے چناﺅ کی پابند نہیں ہیں ،وہ اپنی ضرورت کے مطابق اور میرٹ پر کھلاڑی سلیکٹ کرنے کے لیے آزاد ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس حوالے سے ان پر کوئی پابندی عائد نہیں کی تھی ۔

(جاری ہے)

معین خان نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں بھی بلوچستان کا کوئی کھلاڑی نہیں کھیل رہا ہے اور اس کے ڈرافٹس میں بھی مشکل سے کوئی بلوچستان سے تعلق رکھنے والا کھلاڑی شامل ہوگا۔ معین خان نے اپنے بیٹے اعظم خان کی پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرزمیں شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان اپنی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر پی ایس ایل کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایئرز کی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے، اسے بلاوجہ سیاسی طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا،امید ہے وہ اچھی پرفارمنس دیکر اپنے ناقدین کے منہ بند کردے گا ،وہ ٹیلنڈ کھلاڑی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھے گا۔

سابق کپتان نے ا س امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم نہ صرف پی ایس تھری میں بھی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی بلکہ اس بار ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔انہوں نے پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں کرائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر قائد کے باسیوں کو انٹر ٹینمنٹ کا بھر پور موقع ملے گا،معین خان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اہلیان کراچی اپنی مہمان نوازی سے پی سی بی کو بتائیں گے کہ انہیں بھی اپنے شہر میں کرکٹ میچز کے انعقاد کی کتنی ضرورت ہے ۔
وقت اشاعت : 18/11/2017 - 12:24:56