سکواش ایونٹس میں مختلف ممالک کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 15 دسمبر سے شروع ہوگا

اتوار 19 نومبر 2017 14:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء)پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) کے مرد وخواتین سکواش ایونٹس میں مختلف ممالک کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی اسلام آباد میں آمد کا سلسلہ 15دسمبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان کے مطابق پی ایس اے نے پاکستان کو رواں سال دسمبر میں 50 ہزار ڈالر مینز اور 25 ہزار ڈالر ویمن سکواش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔

دونوں ایونٹس 17 سے 23 دسمبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس اے مینز ایونٹ کیلئے انگلینڈ، آسٹریلیا، فرانس، مصر، ہانگ کانگ اور ملائشیاء کے 28 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے، اسی طرح ایونٹ میں مجموعی طور پر 56 ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایونٹ میں دنیا بھر کے ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے اسی طرح ہم باصلاحیت کھلاڑیوں کو ان کے مقابلے میں میدان میںاتاریں گے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میںبہتری آسکے۔

انہوں نے کہا کہ ویمن ایونٹ کیلئے بھی مختلف ممالک سے 6غیر ملکی خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 28 ملکی و غیر ملکی خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے تمام ایسوسی ایشنز کوہدایت کی ہے کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے اپنے اپنے شہروں میں خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کیمپ لگائے۔ پی ایس اے کے ایونٹ میں ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پی ایس اے ایونٹس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کرے گی جس کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے ایونٹس کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسہ ایونٹس سے چند روز قبل شروع ہو جائے گا۔ یہ ایونٹ قومی کھلاڑیوں کیلئے ساز گار ہوگا کیونکہ اس ایونٹ میں ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آسکتی ہے۔
وقت اشاعت : 19/11/2017 - 14:10:56