سعید اجمل کی محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن ایک ماہ میں ٹھیک کرنے کی پیشکش

آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی بائولرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، پی سی بی کو نوٹس لینا چاہیئے :سابق آف سپنر

پیر 20 نومبر 2017 21:20

سعید اجمل کی محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن ایک ماہ میں ٹھیک کرنے کی پیشکش
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2017ء) سابق آف سپنر سعید اجمل نے سٹار آل رانڈر محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کی درستگی کیلئے مدد کرنے کی پیشکش کر دی ۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی اور محمد حفیظ نے ان سے تعاون مانگا تو وہ صرف ایک ماہ میں آل رانڈر کا بالنگ ایکشن ٹھیک کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا پی سی بی کو ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے آئی سی سی پاکستانی بالرز کے کیریئر کے ساتھ نہ کھیل سکے ۔

امید ہے آئی سی سی پاکستانی بالرز کے ساتھ مستقبل میں امتیازی سلوک نہیں کرے گی ۔ واضح رہے کہ محمد حفیظ کو تیسری مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بالنگ کرنے سے روک دیاگیا ہے ۔ سعید اجمل بھی دو ہزار چودہ میں متنازعہ بالنگ ایکشن پر رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھرپور انداز میں واپسی نہ ہو سکی اور دلبرداشتہ ہو کر انہوں نے گزشتہ دنوں ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔

(جاری ہے)

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ وہ محمد حفیظ کے کیریئر پر تشویش کا شکار ہیں اور پی سی بی کو ایسے مثبت اقدامات کرنا ہوں گے جس سے قومی بالرز کے کیریئر خراب نہ ہوں ۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ تین سال قبل بالنگ پر پابندی کے بعد ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے انہیں ایکشن کو درست کرنے میں مدد فراہم کی تھی ۔ آئی سی سی پاکستانی بالرز کو نشانہ بنا رہی ہے جبکہ پی سی بی کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے اور آواز بلند کرنی چاہئے کہ آخر پاکستانی سپنرز کے ایکشن ہی مشکوک قرار کیوں پاتے ہیں جبکہ آسٹریلیا ، انگلینڈ اور بھارت کے کھلاڑی واضح طور پر شکوک کی زد میں آنے کے باوجود آج تک رپورٹ نہیں ہوئے ۔ ۔
وقت اشاعت : 20/11/2017 - 21:20:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :