بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، گیل کی دھواں دار بیٹنگ

رنگپور رائیڈرز نے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے ہرا دیا، شکیب کی محنت رائیگاں، پریرا نے آخری دو گیندوں پر مسلسل دو وکٹیں لیکر ٹیم کو فتح دلائی، گیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 21 نومبر 2017 21:51

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، گیل کی دھواں دار بیٹنگ
ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2017ء) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کرس گیل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے ہرا دیا، ڈائنامائٹس کی ٹیم 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 139 رنز رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، پریرا نے آخری دو گیندوں پر مسلسل دو وکٹیں لیکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

شکیب الحسن کی محنت رائیگاں گئی، انہوں نے 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں لی تھیں، گیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

منگل کو کھیلے گئے میچ میں رنگپور رائیڈرز پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں 142 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کرس گیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، برینڈن میک کولم 6 رنز بنا سکے، شکیب الحسن نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، آفریدی نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 139 رنز بنا کر ہمت ہار گئی، پریرا نے آخری اوور میں 10 رنز کا دفاع کر کے ٹیم کو فتح دلائی، انہوں نے آخری دو گیندوں پر کیرن پولارڈ اور ابو حیدر کو آئوٹ کر کے ڈائنامائٹس کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، جہارالاسلام 29، ایون لیوس 28، آفریدی 21، مہدی معروف 15، پولارڈ 12 کپتان شکیب الحسن 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مشرفی، سوہاگ غازی، روبیل حسین اور پریرا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 21/11/2017 - 21:51:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :