ٹیسٹ کرکٹ پلیئرز کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی

بلے بازوں میں سٹیون سمتھ، بائولرز میں جیمز اینڈرسن اور آل رائونڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست

بدھ 22 نومبر 2017 11:34

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں سٹیون سمتھ، بائولرز میں جیمز اینڈرسن اور آل رائونڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں، سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچریوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئے، اظہر علی کا 9 واں نمبر ہے، شیکھر دھون نے 2 درجے ترقی کے ساتھ 28 ویں پوزیشن حاصل کر لی، بھارتی بائولر بھنشور کمار نے 8 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 29 واں نمبر پا لیا۔

آئی سی سی نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں سٹیون سمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جوروٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے اور چیشتور پوجارا چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، کوہلی نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ ڈیوڈ وارنر کو پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر دھکیل دیا، ہاشم آملہ ساتویں، لوکیش راہول آٹھویں، اظہر علی نویں اور ایلسٹرکک دسویں نمبر پر چلے گئے، دھون 2 درجے ترقی پا کر 28 ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست ہیں، بھارتی سپنر روندرا جدیجہ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، کاگیسوربادا نے دوسرا نمبر پا لیا، ایشون چوتھے اور ہیراتھ پانچویں نمبر پر ہیں، بھنشور کمار جنہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لیں تھیں، 8 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 29 ویں نمبر پر آ گئے۔

(جاری ہے)

آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے، جدیجہ دوسرے، بین سٹوکس تیسرے، ایشون چوتھے اور معین علی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 22/11/2017 - 11:34:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :